اشیاءخوردنی کی قیمتیں غریب آدمی کی پہنچ میں رکھنے کیلئے تمام اقدامات کئے جائیں : شہباز شریف

اشیاءخوردنی کی قیمتیں غریب آدمی کی پہنچ میں رکھنے کیلئے تمام اقدامات کئے جائیں : شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے سبزیوں، دالوں اور دیگر اشیائے خوردنی کی قیمتوں میں اضافے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ قیمتیں غریب آدمی کی پہنچ میں رکھنے کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں اور متعلقہ محکمے قیمتوں میں استحکام کے لئے فعال اور متحرک کردار ادا کریں۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو معیاری اشیائے ضروریہ کی سستے داموں اور وافر مقدار میں دستیابی یقینی بنائے۔ پنجاب ایک زرعی صوبہ ہے اور ملک کی 70 فیصد غذائی ضروریات صوبہ پنجاب پوری کر رہا ہے۔ انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ پنجاب گرین باسکٹ ہونے کے باوجود عوام کو سستے داموں سبزیاں، دالیں اور دیگر اشیائے ضروریہ فراہم نہ کر سکے، اس غفلت اور نااہلی کے ذمہ دار صرف اور صرف متعلقہ ادارے اور محکمے ہیں جنہوں نے اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن ادا نہیں کیں۔ سبزیوں، دالوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی وافر فراہمی کو سستے داموں یقینی بنانے کے حوالے سے پیشگی منصوبہ بندی کا فقدان، متعلقہ محکموں کی استعداد کار پر سوالیہ نشان ہے اور سبزیوں کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ نہ ہونا متعلقہ محکموں کی ناقص کارکردگی کا ثبوت ہے۔ شہباز شریف نے مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمے اور انتظامیہ کے افسران روزانہ کی بنیاد پر صوبہ بھر میں منڈیوں میں جا کر سبزیوں اور پھلوںکی قیمتوں میں استحکام یقینی بنائیں، اس حوالے سے کوئی غفلت یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔ سبزیوں اور دیگر اشیائے خوردنی کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو مزید فعال بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ مقرر کردہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فروخت یقینی بنائیں اور مارکیٹ کمیٹیوں کی کارکردگی کو بہتر بنایا جائے۔ کاشتکاروں کو منڈیوں میں براہ راست اپنی اجناس فروخت کرنے کے لئے سہولتیں بہم پہنچائی جائیں اور اس ضمن میں منڈیوں میں خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ سبزی منڈیوں میں اجناس کی خرید و فروخت کے حوالے سے مڈل مین کا کردار ختم کیا جائے تا کہ ایک طرف کاشتکارکو اس کی محنت کا زیادہ سے زیادہ معاوضہ مل سکے تو دوسری طرف ناجائز منافع خوروں کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ خوراک کے حکام کو ہدایت کی کہ آٹے کی قیمتوں میں استحکام رکھنے کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھائے جائےں۔ عوام کو دالوں، سبزیوں اور دیگر اشیائے خوردنی کی مقرر کردہ نرخوں پر فروخت کے ضمن میں قائم کئے جانے والے عوامی شکایت سیل کو فی الفور فعال کیا جائے اوراس حوالے سے موثر آگاہی مہم بھی چلائی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لئے منتخب نمائندے بھی فیلڈ میں نکلیں اور منڈیوں کے ساتھ بازاروں اور مارکیٹوں کے دورے کر کے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا خود جائزہ لیں۔ وزیر اعلیٰ نے پرائس کنٹرول میکا نزم پر ہرقیمت پر عملدرآمد کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مجھے صرف کام اور نتائج چاہئیں۔ عام آدمی کو معیاری اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ راولپنڈی کے افسوسناک واقعہ پر ہر پاکستانی دکھی اور غمزدہ ہے۔ سانحہ راولپنڈی میں ملوث افراد سخت ترین سزا کے مستحق ہیں۔ ملزمان کی جلد گرفتاری اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ صورتحال کو معمول پر لانے میں علمائے کرام کا کردار قابل تعریف ہے۔ سانحہ راولپنڈی میں متاثر ہونے والے مسجد و مدرسہ تعلیم القران اور مدینہ مارکیٹ کی تعمیر نو کے لئے جلد از جلد کام شروع کیا جائے۔ ارکان اسمبلی اور پارٹی ٹکٹ ہولڈرز علماءاور تاجروں سے قریبی رابطہ رکھ کر امن و امان اور بھائی چارے کی فضا یقینی بنانے میں بھر پور تعاون کریں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں امن و امان اور سانحہ راولپنڈی میں مسجد و مدرسہ تعلیم القران اور مدینہ مارکیٹ کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لینے کے لئے قائم کی گئی کمیٹیوں کی تجاویز پر غور کے حوالے سے منعقدہ علیحدہ علیحدہ اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف نے سانحہ راولپنڈی کے حوالے سے منعقد اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مستقبل اتحادو اتفاق سے وابستہ ہے اور پورے صوبے بالخصوص راولپنڈی میں اخوت اور بھائی چارے کی فضا یقینی بنانے کیلئے علمائے کرام کا تعاون اور سوسائٹی کے تمام طبقات کا کردار اشد ضروری ہے۔ سانحہ راولپنڈی ایک افسوسناک واقعہ ہے جس پر انہیں انتہائی دکھ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا اور یوم عاشور کے موقع پر راولپنڈی میں ہونے والے واقعہ میں جن افسران کی غفلت اور کوتاہی سامنے آئی ان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ دریں اثناءوزیر اعلیٰ نے راولپنڈی کے ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ شہریوں کو روزمرہ استعمال کی اشیا کی وافر سپلائی اور دستیابی یقینی بنائی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے راولپنڈی کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، پارٹی ٹکٹ ہولڈرز اور عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ راولپنڈی میں مسجد، مدرسہ اور مدینہ مارکیٹ کے تاجروں کے نقصانات کے سروے کے لئے قائم کی گئی کمیٹیاں جلد از جلد اپنا کام مکمل کر کے تجاویز دیں۔ تاجروں کے نقصانات کی ممکنہ حد تک تلافی کی جائے گی۔ رکن قومی اسمبلی ملک ابرار احمد، سابق ارکان اسمبلی محمد حنیف عباسی، شکیل اعوان ، ڈاکٹر جمال ناصر اور دیگر ارکان اسمبلی نے اجلاس میں وزیر اعلی کو مدرسہ تعلیم القرآن اور مدینہ مارکیٹ کو پہنچنے والے نقصانات کی تلافی کے حوالے سے اپنی تجاویز سے آگاہ کیا۔
شہباز شریف

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...