وزیراعظم اور آرمی چیف میں ملاقات، نئی عسکری قیادت پر صلاح مشورہ

وزیراعظم اور آرمی چیف میں ملاقات، نئی عسکری قیادت پر صلاح مشورہ

Nov 21, 2013

اسلام آباد (ثناءنیوز) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں قومی سلامتی اور فوج کے پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا نئی عسکری قیادت کے لیے وزیراعظم نے آرمی چیف سے صلاح مشورہ بھی کیا۔ ملاقات میں وزیراعظم نے راولپنڈی میں امن وامان کے قیام میں فوج کے کردار پر آرمی چیف کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ فوج کی بروقت آمد سے راولپنڈی میں امن وامان قائم ہوا ہے اس کے علاوہ آرمی چیف نے فوج کے پیشہ ورانہ امور اور قومی سلامتی سے متعلق معاملات پر بھی وزیراعظم کو اعتماد میں لیا وزیراعظم نے آئندہ کی عسکری قیادت کے انتخاب کے حوالے سے بھی آرمی چیف جنرل کیانی سے مشاورت کی، جنرل کیانی نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے دوران سروس ان پر اعتماد کیا۔وزیراعظم نے سانحہ راولپنڈی کو انتہائی افسوسناک اور ملکی سلامتی کیخلاف سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت فرقہ واریت کو ہوا دینے اور ملکی استحکام کو نقصان پہنچانے کی کسی ایسی کوشش کو برداشت نہیں کریگی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ راولپنڈی کے سانحہ میں ملوث افراد کو ہر قیمت پر عبرت کی مثال بنایا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے کولمبو میں دولت مشترکہ سربراہ اجلاس میں اپنی بعض عالمی رہنماﺅں سے خطہ کی صورتحال پر ہونیوالی ملاقاتوں کے حوالے سے آرمی چیف کو اعتماد میں لیا۔ آرمی چیف نے وزیر اعظم کو فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔آن لائن کے مطابق ذرائع کے حوالہ سے ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق جنرل اشفاق پرویز کیانی نے اپنی ریٹائرمنٹ کے فیصلے سے متعلق بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔
ً

نواز / کیانی

مزیدخبریں