اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کی ضمانت کے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف نیب کی جانب سے دائر درخواست خارج کردی۔ جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے جمعرات کے روز سماعت کی۔ نیب کے ایڈیشنل پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ توقیر صادق کے خلاف مبینہ طور پر کرپشن کے الزامات ہیں ان کے حوالے سے سپریم کورٹ میں کیس بھی چل رہا ہے۔ تاہم توقیر صادق کے وکیل عابد ساقی نے دلائل میں موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کے خلاف نیب کی درخواست بدنیتی پر مبنی ہے۔ نیب نے باقی ملزموں کو چھوڑ کر ان کے موکل کو نشانہ بنایا ہے۔ میرے موکل رقم کا بڑا حصہ دے چکے ہیں۔ آرٹیکل 10-A کے تقاضے پورے ہونے چاہئیں۔ نیب کی درخواست خارج کی جائے جس پر عدالت نے نیب کی درخواست خارج کردی۔