اسلام آباد (آئی این پی) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ نے اٹھارویں آئینی ترمیم کے بعد سے صحت ، تعلیم اور دیگر محکموں میں درپیش مسائل پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اٹھارویں ترمیم کی کچھ شقوں پر نظر ثانی کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ کوئی کام حرف آخر نہیں ہوتا، ترمیم کو انا کا مسئلہ نہ بنایا جائے، سینٹ اور قومی اسمبلی الگ الگ ترمیم پر نظر ثانی کیلئے کام کریں، کمیٹی نے چاروں صوبوں سے 7 ویں این ایف سی ایوارڈ کی وصولی میں درپیش مسائل کی تمام تفصیلات طلب کر لیں۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ بلوچستان اور سندھ کی صوبائی حکومتیں مردم شماری کے انعقاد کیلئے تیار نہیں۔ کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو سنیٹر فرح عاقل کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا ۔ اجلاس میں ارکان کمیٹی، وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ، سیکرٹری اعجاز چودھری سمیت وزارت کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔