کینیا کی ٹیم بہت جلد پاکستان کا دورہ کر سکتی ہے : شہریار خان

Nov 21, 2014

لاہور (نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کی سطح پر پاکستان کا مقام، عزت اور وقار برقرار ہے۔ ہم ان کی ایگزیکٹو اور گورننس کمیٹیوں کا حصہ ہیں۔ ان حالات میں کوئی یہ کیسے کہہ سکتا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں پاکستا نکی بات نہیں سنی جاتی۔ وہ قذافی سٹیڈیم میں نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا بگ تھری والے معاملے میں ناقص منصوبہ بندی اور ناقص حکمت عملی کی وجہ سے ہم بین الاقوامی دنیا میں تنہا ہو گئے تھے لیکن بعد میں نجم سیٹھی نے اس مسئلے میں بہت محنت کی۔ دنیا بھر کے کرکٹ کھیلنے والے ممالک کے ساتھ گفتگو اور بات چیت کے ذریعے دنیا کو قائل کیا۔ کینیا کی ٹیم بہت جلد پاکستان کا دورہ کر سکتی ہے۔ اس کے علاوہ بھی کئی ممالک کی ٹیمیں بھی یہاں آئیں گی۔ پاکستان کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں بہت زیادہ ٹیمیں اور بہت زیادہ کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔ موجودہ نظام سے ہم تعداد تو بڑھا لیتے ہیں لیکن معیار میں اضافہ نہیں ہوتا۔ فرسٹ کلاس کا نظام بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کیخلاف کامیابیوں پر تمام کھلاڑی مبارکباد کے مستحق ہیں۔

مزیدخبریں