دسمبر میں لوڈشیڈنگ بڑھے گی: اووربلنگ نہیں ہوئی، صارفین کو واپسی کیسی؟: خواجہ آصف

Nov 21, 2014

اسلام آباد (عاطف خان/دی نیشن رپورٹ/آئی این پی) دسمبر کے تیسرے ہفتے میں لوڈشیڈنگ میں شدید اضافہ ہو گا اس کی وجہ نہروں کی سالانہ بندش ہے۔ خواجہ آصف نے صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں میں اضافی رقم نہیں بھجوائی گئی۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق صارفین کو جو بل بھجوائے گئے وہ 30 دن کے نہیں بلکہ 35 دن کے ہیں اس لئے اس میں اووربلنگ نہیں ہوئی لہٰذا صارفین کو رقم بھی واپسی نہیں ہو گی۔ اضافی بل بھجوائے جانے پر احتجاج پر وزیراعظم نے آڈٹ کیلئے کمیٹی بنائی تھی۔ ذرائع کے مطابق اووربلنگ کی بڑی وجہ سلیب میں تبدیلی ہے جس کے تحت بڑی تعداد میں صارفین کیلئے سبسڈی ختم کر دی گئی۔ حکام کے مطابق سردی کے موسم میں فرنس آئل کے زیادہ استعمال کے باعث بجلی بنانے پر لاگت بڑھنے سے دسمبر اور جنوری کے بل بھی زیادہ ہو سکتے ہیں۔ آئی این پی کے مطابق پانی وبجلی اور دفاع کے وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ تھرکول آئندہ چند سال میں پاکستان کا انرجی کیپٹل بن جائیگا ، کوئلے سے بجلی کی پیداوار کے دو منصوبوں پر جلد کام شروع ہو جائے گا، بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں ایک سال میں 3 سے 4 گھنٹے تک کمی کی گئی۔ تھرکول میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کےلئے پہلے منصوبے کے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب کے موقع پر اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اینگرو جنریشن کمپنی چینی سرمایہ کاروں کے تعاون سے 660 میگاواٹ کے دو پلانٹ لگائے جائیں گے ، یہ منصوبے 2017 ءمیں مکمل ہو جائیں گے۔ ہائیڈرو اور کوئلے کے منصوبوں پر ساتھ ساتھ کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایل این جی کا منصوبہ زیر غور ہے، پالیسی جلد منظور ہوجائیگی، ایل این جی کی وجہ سے بجلی کی قیمتوں میں کمی ہوگی۔ رینٹل پاور کے منصوبے سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق آگے بڑھائیں گے، ان کی نیب سے کلیئرنس لی جائیگی۔ ٹیکسٹائل کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دینے کو تیار ہیں مگر وہ سستی گیس لینا چاہتے ہیں، 22 دسمبر تک تمام صنعتوں کو بلا تعطل بجلی فراہم کریں گے۔
خواجہ آصف

مزیدخبریں