لندن/نیویارک/بماکو(آئی این پی)فرانس کی نوآبادی مالی کے دارالحکومت بماکو کے وسط میں واقع امریکی ہوٹل ریڈیسن بلیو پر مسلح افراد نے حملہ کرکے 170 افراد کو یرغمال بنا لیا جن میں 27 کو ہلاک کر دیا گیا، درجنوںافراد زخمی بھی ہوئے ہیں، حملہ آوروں نے 90 افراد کو کلمہ سن کر رہا کر دیا۔ اقوام متحدہ کی امن فوج میں شامل امریکی دستوں اور مالی کی سپیشل فورسز نے ہوٹل میں داخل ہوکر باقی تمام یرغمالیوں کو رہا کرا لیا،کارروائی کے دوران حملہ آور بھی مارے گئے، القاعدہ سے منسلک گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی، دوسری جانب اقوام متحدہ، امریکہ، برطانیہ ،فرانس ،جرمنی ،روس ،بھارت ،ترکی ،چین سمیت دیگر ممالک کے سربراہان نے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ باماکو کے وسط میں واقع ہوٹل ریڈیسن بلیو پر مقامی وقت صبح سات بجے کے قریب آٹومیٹک گنوں سے لیس دہشت گردوں نے دھاوا بول دیا۔ حملہ آور اللہ اکبر کے نعرے بلند کرتے ہوئے اور گولیاں برساتے ہوئے ہوٹل کے اندر داخل ہو گئے جہاں سکیورٹی گارڈز نے انہیں روکنے کی کوشش کی تو انہیں گولیوں سے بھون دیا گیا۔ دہشت گردوں نے 170 افراد کو یرغمال بنا لیا تھا۔ ان میں 140 افراد ہوٹل کے مہمان اور 30 عملے کے ارکان شامل تھے۔ 22 امریکی شہری محفوظ رہے۔ ہوٹل میں مقیم 6 مہمانوں کا تعلق ترکی سے جبکہ 20 بھارتی اور 10 چینی شہری ہیں۔ ادھر پاکستانی ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مالی میں پاکستان کا کوئی سفارتخانہ نہیں ہے، مالی میں پاکستانی ہیں یا نہیں اس کی معلومات لینے میں ابھی وقت لگے گا ۔ انہوں نے کہا کہ الجزائر میں موجود پاکستانی سفارتخانے کے ذریعے معلومات لے رہے ہیں۔ قطری الجزیرہ ٹی وی نے ہوٹل میں یرغمال بنانے والے تنظیم کی شناخت انصارالدین کے نام سے کی ہے۔ انصارالدین ایک شدت پسند تنظیم ہے جو مالی میں شریعت کا نفاذ چاہتی ہے۔
مالی: دہشت گردوں کا امریکی ہوٹل پر حملہ،27 یرغمالی ہلاک،53 رہا، 90 افراد کو کلمہ سن کر چھوڑ دیا گیا
Nov 21, 2015