کراچی (سٹاف رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی (ولی) کی سربراہ بیگم نسیم ولی خان نے کہا ہے کہ خدا نہ کرے کہ ملک میں ایسے حالات پیدا ہوں کہ دو شریفوں میں سے ایک شریف کا انتخاب کرنا پڑے ۔اگر ایسے حالات پیدا ہوئے تو جمہوری قوتیں نواز شریف کا ساتھ دیں گی ۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی افغانستان کے حوالے سے پالیسی بہترین ہے توقع ہے کہ اس سے افغانستان کے حالات بہترہوجائیں گے ۔افغانستان سے ہی خطے کا امن وابستہ ہے ۔عمران خان کی خیبرپی کے حکومت نے صوبے میں کوئی قابل ذکر کارنامہ انجام نہیں دیا ۔اسی لیے اس جماعت کی کوئی تعریف نہیں کی جاسکتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کراچی پریس کلب کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں افغانستان کے حالات خراب کرنے میں اگر ان کے اپنے لوگ ذمہ دار ہیں تو اتنے ہی ذمہ دار اس وقت کی پاکستانی حکومتیں اور اسٹیبلشمنٹ بھی ہے ۔افغانستان کے حوالے سے ہمیں اپنی پالیسی میں تبدیلی لانا ہوگی اور افغانستان میں قیام امن کے لیے بھرپورکوششیں کرنا ہوں گی ۔
نسیم ولی