لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے بلدیاتی انتخابی مہم میں شیر، چیتوں، جنگلی بلیوں، زندہ جانوروں اور پرندوں کی نمائش روکنے کا حکم دیدیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت کے روبرو درخواست گزار فریال گوہر کی جانب سے آگاہ کیا گیا کہ الیکشن کمشن کی واضح ہدایات کے برعکس بلدیاتی انتخابات کی مہم میں شیروں اور چیتوں کو انتخابی مہم میں لا کر نمائش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جنگلی جانوروں کو قدرتی ماحول فراہم کرنے کی بجائے انتخابی مہم کا حصہ بنانا جانوروں کے حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ جانوروں کے تحفظ کے لئے قائم وائلڈ لائف کمشن نے بھی جنگلی جانوروں کے تحفظ کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے۔ عدالتی حکم پر شیر، چیتوں، جنگلی بلیوں کی انتخابی مہم میں نمائش سے متعلق تصاویر عدالت میں پیش کی گئیں۔ جس پر عدالت نے شیر ، چیتوں ، جنگلی بلیوں ،زندہ جانوروں اور پرندوں کی نمائش روکنے کا حکم دیتے ہوئے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور ڈی جی وائلڈ لائف پنجاب کو عدالتی حکم پر عمل درآمد کرنے کے احکامات صادر کر دئیے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 14 جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر الیکشن کمیشن کے ذمہ دار افسر کو جواب سمیت طلب کر لیا۔
جانور/ نمائش پابندی