واشنگٹن (نمائندہ خصوصی+ نیٹ نیوز+ ایجنسیاں) امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان کے سب سے شدید ناقدین میں شمار کئے جانے والے مٹ رومنی سے ملاقات کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق مٹ رومنی کو وزیر خارجہ بنانے پر غور کیا جاسکتا ہے۔ 80 منٹ تک جاری رہنے والی اس ملاقات کے بارے میں دونوں شخصیات میں سے کسی نے بھی تفصیلات فراہم نہیں کیں، تاہم مٹ رومنی نے کہا کہ یہ ملاقات ’کافی سود مند‘ رہی۔ خیال رہے کہ انتخابی مہم کے دوران مٹ رومنی نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ’فراڈ‘ کہا تھا جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے 2012ء میں مٹ رومنی کی صدراتی انتخاب میں ناکامی کو ’بدترین‘ کہا تھا۔ ٹرمپ اب تک کئی عہدوں کا فیصلہ کر چکے ہیں جن میں سے کئی متنازعہ ہیں۔ اٹارنی جنرل کیلئے امیدوار جیف سیشنز 1986ء میں مبینہ نسل پرستانہ بیان کے باعث فیڈرل جج کے عہدے کیلئے مسترد کردئیے گئے تھے۔ نئے نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر لیفٹیننٹ جنرل مائیکل فلن اسلام کے بارے میں اپنے کرخت نظریات پر باعث تشویش بن چکے ہیں۔ نیوجرسی میں مٹ رومنی نے صرف اتنا کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات ’دنیا کے ان تمام محاذوں پر جو امریکہ کے مفاد میں ہیں، کے حوالے سے کافی سود مند رہی‘۔ دوسری جانب نومنتخب نائب صدر مائیک پنس نے براڈ وے میوزیکل شو میں شرکت کے دوان تحقیر آمیز الفاظ ادا کئے۔ انہوں نے کہاکہ نئی انتظامیہ تمام امریکیوں کے مفادات کا تحفظ نہیں کرسکے گی جس پر ٹرمپ نے ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔ خاندانی افراد کو سیاسی ذمہ داریاں دینے پر ٹرمپ پر اقربا پروری کے حوالے سے شدید تنقید کی جا رہی ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی وزیر دفاع کیلئے جنرل جیمز میٹس کا نام زیرغور ہے۔ میٹنگ کے دوران جنرل جیمز میٹس بہت متاثر کن رہے۔ ٹرمپ اپنی کابینہ کا جلد اعلان کرنے والے ہیں۔ ریڈیو کی میزبان انگراہام کے مطابق انہیں وہائٹ ہائوس میں عہدہ دئیے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ٹرمپ کے مشیر پریس نے کہا ہے کہ مٹ رومنی کو وزیر خارجہ بنایا جا سکتا ہے۔ ری پبلیکن سینیٹر جان مکین نے ٹرمپ کو واٹر بورڈنگ کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کو اسے تفتیشی حوالے سے استعمال نہیں کرنا چاہئے۔ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا وائٹ ہائوس منتقل نہیں ہوں گی۔ برطانوی اخبار کے مطابق میلانیا اور ان کا دس سال کا بیٹا بیرن ٹرمپ ٹاور میں رہیں گے۔ بیرن فورتھ گریڈ مکمل ہونے تک نیویارک کے سکول میں پڑھیں گے۔