پانامہ کیس سے وزیراعظم کا بچنا ناممکن نظر آ رہا ہے: حنا ربانی کھر

لاہور (آئی این پی) سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں پاکستان کو فل ٹائم وزیر خارجہ کی ضرورت ہے‘ پانامہ کیس سے وزیراعظم کا بچنا ناممکن نظر آرہا ہے‘ حکمران ہر روز نیا جھوٹ بول کر اپنے بچائو کی کوشش کر رہے ہیں مگر کا میاب نہیں ہوں گے ‘دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں‘ بھارت مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے بلااشتعال فائر نگ جیسی حرکتیں کر رہا ہے مگر کسی صورت بھارت مسئلہ کشمیر کو دبا نہیں سکتا۔ ایک انٹرویو میں حنا ربانی کھر نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف ہر وقت منفی پروپیگنڈا کر رہا ہے ان حالات میں پاکستان کو ایسے فل ٹائم وزیر خارجہ کی ضرورت ہے جو دنیا میں جا کر پاکستان کا نہ صرف مقدمہ لڑیں بلکہ بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں کئے جانیوالے مظالم اور بھارت کی جارحیت کے حوالے سے بھی دنیا کو آگاہ کرے‘ کسی بھی ملک میں حکومت کا سب سے اہم شعبہ خارجہ امور کا ہوتا ہے مگر پاکستان میں وزیر خارجہ ہی نہیں حکومت کو پیپلزپارٹی کے مطالبے کے مطابق فوری وزیر خارجہ کی نامزدگی کرنی چاہئے۔ پانامہ کیس کا حتمی فیصلہ تو سپریم کورٹ نے ہی کرنا ہے دیکھتے ہیں کیا فیصلہ آتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن