جہانیاں (صباح نیوز) بزرگ سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر چھیڑچھاڑ سازش ہے جس کا مقصد مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانا ہے۔ بھارت بخوبی جانتا ہے کہ پاکستان ایٹمی طاقت ہے اس لئے وہ حملہ کرنے کی کبھی جرا¿ت نہیں کرے گا، ایام علالت میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی علاج کیلئے ایک کروڑ روپے کی پیشکش ٹھکرا دی تھی، پی ٹی آئی کے لوگ مجھ سے رابطے میں ہیں، جمہوریت کیلئے میری قربانیوں پر صدر ممنون حسین بھی میرے ممنون ہیں، پارلیمنٹ اور جمہوریت کیلئے اپنی سیٹ کی قربانی دی، شریف فیملی کیساتھ میرے ذاتی خاندانی تعلقات ہیں۔ مسلم لیگ (ن)سے علیحدگی چند غلط فہمیوں کی بنیاد پر ہوئی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جہانیاں میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شریف فیملی کیساتھ میرے ذاتی خاندانی تعلقات ہیں۔ مسلم لیگ (ن) سے علیحدگی چند غلط فہمیوں کی بنیاد پر ہوئی ہے‘ کوئی رنجش نہیں ہے، میں ملک وقوم کے اصولی معاملات کی جدوجہد کر رہا ہوں اگر مسلم لیگ (ن) کو میری یہ بات منظور ہوئی میں اسی وقت مسلم (ن) میں شمولیت کا اعلان کردوں گا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو ملک کے آئین اور قانون کا تقدس پیش نظر رکھنا چاہئے، لوٹ مار کرپشن کے بجائے عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی پارٹی کے 93فیصد لوگ مجھ سے رابطے میں رہتے ہیں، میں آخری سانس تک ملک و قوم کے اصولی مفادات کی جدوجہد کرتا رہوں گا۔