لاہور ( خصوصی نامہ نگار) تحریک انصاف پنجاب کے سابق صدر اعجاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ بادشاہوں اورغیر ملکی حکمرانوں سے ذاتی تعلقات بنانے والے حکمران قومی مفادات کا تحفظ نہیں کرسکتے، حکمران جماعت (ن)لیگ داخلی اور خارجی محاز پر بری طرح ناکام ہوچکی ہے، بارڈر پر بڑھتی ہوئی کشیدگی پر پی ٹی آئی گہری تشویش کا اظہار کرتی ہیں اور بھارتی جارحیت کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ آج پانامہ لیکس کے حوالے سے قطری شہزادے کا خط سامنے آگیا ہے ماضی میں بھی نواز شریف ہیلی کاپٹر کی خریداری کیس میں بھی ایک شہزادے کا خط سامنے آیا تھا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گز شتہ روز سیکرٹری جنرل آزاد کشمیر و ایم ایل اے غلام محی الدین دیوان کی رہائش گا ہ پر پریس کانفرنس کے دوران کیا جبکہ اس موقع پر شبیر سیال ، ولید اقبال ، حماد اظہر ، ثوبیہ کمال ، سعدیہ سہیل ، محمد مدنی ، ملک وقار ، فاروق آزاد ، سعید ڈار ، ثاقب سلیم بٹ، ذکاءدیوان ، رانا اخترحسین، چا چا پی ٹی آئی، اشتیاق ملک،فہد شہزاد سمیت دیگر بھی موجو د تھے ۔غلام محی الدین دیوان نے کہاکہ کشمیر یوں کی تحریک آزادی کو کشمیری عوام نے اپنے خون سے گرما رکھا ہے ، ہماری سرحدوں پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے بے گناہ شہری اور فوجی جوان شہید ہورہے ہیں۔
پی ٹی آئی بھارتی جارحیت کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتی ہے : اعجاز چودھری
Nov 21, 2016