ختم نبوتؐ پر دو رائے ہو ہی نہیں ہوسکتیں وسیم اختر

کراچی (اسٹاف رپو رٹر ) میئر کراچی وسیم اخترنے کہاہے کہ ختم نبوت ؐہمارے ایمان کا لازمی جزو ہے جس پر ہم سب کا یقین ہے، ختم نبوتؐ پر دو رائے ہو ہی نہیں ہوسکتیں ، ملک پہلے ہی دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے مزید محاذ آرائی کے متحمل نہیں ہوسکتے،علمائے کرام کے مطالبے کی تائید میں وفاقی حکومت اور اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس مسئلے کو علمائے کرام کی مرضی و منشاء کے مطابق افہام و تفہیم کے ذریعے حل کرے، ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی جشن عید میلاد النبی ﷺ روایتی جوش و خروش سے منایا جائے گا ، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اختیار میں جو کام ہیں ہم اس سے بڑھ کر بھی کام کریں گے تاکہ شہریوں کو اس مہینے کے دوران ریلیف مل سکے، کے الیکٹرک اس ماہ مبارک میں لوڈشیڈنگ نہ کرے، واٹر بورڈ جلوس کی گزرگاہوں پر موجود سیوریج کے مسائل کو فوری حل کرے، کراچی کو اب ڈویلپمنٹ آپریشن کی ضرورت ہے، لوگ یہاں ترقیاتی کاموں کے انتظار میں بیٹھے ہیں، کوشش کر رہے ہیں کہ صوبائی اور وفاقی حکومت سے کراچی شہر کا جو حق بنتا ہے وہ اسے دلائیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کی سہ پہر کے ایم سی بلڈنگ میں ماہ ربیع الاول کے انتظامات
کے سلسلے میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام اور مشائخ عظام کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ممبر رابطہ کمیٹی متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان )محمد عادل خان، ضلع شرقی کے چیئرمین معید انور، ضلع ملیر کے چیئرمین جان محمد بلوچ، ضلع وسطی کے وائس چیئرمین شاکر علی، ضلع کورنگی کے وائس چیئرمین سید احمر علی، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈراسلم شاہ آفریدی،چیئرمین اراضیات کمیٹی سید ارشد حسن، قانونی امور کمیٹی کے چیئرمین عارف خان ایڈوکیٹ، علامہ عباس کمیلی، مولانا تفسیر الحق تھانوی، قاری اہتمام الحق تھانوی، مولانا حکیم محمد اکبر درس، مولانا شاہ فیروز الدین، مولانا ناصر یامین،مولانا مرتضیٰ رحمانی، صدیق راٹھور ایڈوکیٹ، محمد نوید عباسی، مفتی حماد اللہ مدنی، محمد یعقوب عطاری، سید محمد شفیع قادری، محمد عاطف حنیف بلو، محمد سلیم عطاری، مولانا صادق جعفری، آغا مشہدی، سید کرار نقوی، سید موسیٰ عابدی، محمد حسین مسعودی، ڈی آئی جی ٹریفک اصغر عثمان، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر واٹر بورڈ اسد اللہ خان، ضلعی انتظامیہ ، پولیس، کے الیکٹرک، سوئی سدرن گیس کے نمائندے ، سٹی کونسل کی دیگر کمیٹیوں کے چیئرمین اور چیئرپرسنز کے علاوہ سینئر کے ایم سی افسران بھی موجود تھے۔ قبل ازیں علمائے کرام نے میئر کراچی وسیم اختر کو ربیع الاول کے جلوسوں اور محافل کے انعقاد میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

ای پیپر دی نیشن