قاہرہ (صباح نیوز)سعودی عرب کے وزیرخارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ ایران عرب ممالک کی قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی سازشیں مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے،مگر ہم ایرانکی معاندانہ سرگرمیوں اور سازشوں پر خاموش تماشائی نہیں رہیں گے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی وزیرخارجہ نے ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز قاہرہ میں عرب لیگ کے وزرا خارجہ سطح کے ہنگامی اجلاس سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہماری قومی سلامتی کے خلاف ایران کی دشمنانہ سازشوں کو ہرصورت میں روکنا ہوگا۔عادل الجبیر نے کہا کہ ایران اپنے حزب اللہ اور حوثی باغیوں جیسے ایجنٹوں کی مدد سے عرب خطے کو نقصان پہنچا رہا ہے اور اس نے تمام عالمی اصولوں کو دیوار پر دے مارا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران نے سعودی عرب کے مقدس مقامات تک کا خیال نہیں کیا اور میزائلوں کے ذریعے مکہ معظمہ کو نشانہ بنانے سے بھی باز نہیں آیا۔ سعودی عرب ایران کی ان تمام دشمنانہ سرگرمیوں سے آگاہ ہے اور پوری قوت سے ان کا جواب دے گا۔عادل الجبیر نے کہا کہ مکہ معظمہ اور الریاض پر ایران کے میزائل حملے تہران کی سعودیہ کے خلاف دشمنی کا واضح ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی مداخلت کے نتیجے میں خطے کو شدید خطرات لاحق ہیں۔عرب لیگ کے اجلاس سے خطاب میں بحرین کے وزیرخارجہ خالد بن احمد بن محمد آل خلیفہ نے کہا کہ لبنان پر دہشت گرد گروپ حزب اللہ نے تسلط قائم کر رکھا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خطے میں ایران نے اپنے کئی دست وبازو بنا رکھے ہیں۔ حزب اللہ بھی ایران کا ایک بازو ہے۔