ملتان (سپورٹس ڈیسک )بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی پولیس نے روسی ٹینس سٹار ماریہ شراپوا پر جعلسازی کا مقدمہ درج کرلیا۔نئی دہلی کی مقامی عدالت نے گڑگاؤں کے قریب قائم پرتعیش ہاؤسنگ سوسائٹی میں غبن اور فراڈ کے مقدمے میں ماریہ شراپوا کا نام بھی شامل کرنے کی ہدایات دی تھیں جس کے بعد پولیس نے ٹینس اسٹار کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا ہے۔ماریہ شراپوا پر الزام ہے کہ انہوں ںے رہائشی پروجیکٹ ’’بیلیٹ بائے شراپوا‘‘ کی تشہیری مہم میں حصہ لیا تھا اور اس پروجیکٹ پر کبھی کام ہی شروع نہیں ہوا۔پروجیکٹ میں گھر بْک کرانے والے ایک شخص نے اس سلسلے میں عدالت سے رجوع کیا تھا۔