لاہور، گوجرانوالہ، کامونکے (خصوصی رپورٹر+نمائندہ خصوصی+نامہ نگار) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمرالزمان کائرہ نے کہا کہ نوازشریف اپنی ذات کو نظریہ کہہ رہے ہیں وہ اپنی ذات سے باہر نکل کر سوچ ہی نہیں رہے‘ نظریہ منشور ہوتا ہے کوئی شخص نہیں‘ بھٹو کے مرنے کے بعد بھی ان کا نظریہ زندہ ہے‘ کسانوں، مزدوروں اور عام آدمی کو ریلیف دنیا بھٹوکا نظریہ تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ پریس کلب میں میڈیا گفتگو میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ووٹ کا تقدس پامال کیا‘ جیتتا کوئی تھا اعلان کسی اور کا ہوتا تھا، آج وہ ووٹ کے تقدس کی بات کرتے ہیں جس پر حیرت ہوتی ہے۔ نواز شریف آج بھی عدالت کو نشانہ بنا رہے ہیں، جتنی گالیاں مسلم لیگ (ن) نے عدلیہ کو دیں اسکی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہاکہ پانامہ لیکس پر پہلے نوازشریف کہتے تھے کیس عدالت میں ہے، پھر جے آئی ٹی بن گئی وہ فیصلہ کریگی، اب جے آئی ٹی کے ممبران کو ہیرے اور مختلف لقب دئیے جا رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی فری اینڈ فیئر الیکشن کیلئے تعاون کرتی رہے گی۔ نوازشریف نے جو فیصلہ دوبارہ پارٹی صدر بنانے کیلئے کیا وہ بھی پارلیمنٹ سے جلد ختم ہوجائیگا۔ عمران خان کو نشانہ بناتے کہاکہ عمران خان کرپشن ختم کرنے چلے تھے لیکن ساری کرپشن اپنے گرد جمع کرلی اور انکے اپنے افراد انکو بے نقاب کر رہے ہیں۔ کے پی کے میں طالبان کی حمایت کرنے والے مدرسہ کو 40 کروڑ فنڈ دیا‘ انتہا پسندی والے پاکستان کو لوگ پسند کرتے ہیں‘ نہ دنیا۔ عمران خان نے ایک جماعت کو الیکشن میں ساتھ ملانے سے اپنا منشور دیدیا۔ قمر زمان کائرہ نے کہاکہ جو لوگ بھاگ بھاگ کر جگہیں بدل رہے ہیں انہیں ٹکٹیں نہیں ملنی‘ ملک کے اندر بہت سے نان ایشوز کو کھڑا کیا گیا‘ ختم نبوت پاکستان میں طے شدہ ایشو ہے‘ اسے کرپشن سمیت دیگر ایشوز سے نظر ہٹانے کیلئے چھیڑا گیا‘ اس سے چھیڑچھاڑ برداشت نہیں کی جائیگی۔ پیپلز پارٹی مقررہ وقت پر الیکشن کی حامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی گولڈن جوبلی تقریبات کا آغاز 30 نومبر سے ہوگا۔ یکم دسمبر کو ہونیوالا جلسہ عیدمیلادالبنی کے باعث 5 دسمبر کو کردیا گیا۔ 5 دسمبر کے جلسے کے میں بلاول بھٹو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ نوازشریف سیاسی تاریخ میں مائنس ہو چکے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) والوں کو لڑنا نہیں‘ سازشیں کرنا آتا ہے۔ نوازشریف معاہدہ کرکے ملک کو ڈکٹیٹر کے حوالے کر گئے۔ نوازشریف ہمیشہ جمہوریت کے دوسری طرف کھڑے رہے۔ نوازشریف خود ڈکٹیٹرز کے حامی تھے۔قبل ازیں قمر زمان کائرہ کا لاہور سے گوجرانوالہ جاتے ہوئے کامونکے پر پیپلز پارٹی کے مقامی قائدین نے شاندار استقبال کیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔
قمر زمان کائرہ