اسلام آباد (نامہ نگار) اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیرسابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے نیب ریفرنس کی سماعت آج کریں گے۔ ذرائع کے مطابق نیب نے اسحاق ڈار کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے حوالے سے اپنی تعمیلی رپورٹ تیارکرلی ہے جو آج پیش کی جائیگی۔ دوسری جانب اسحاق ڈار کے ضامن احمد علی قدوسی کی جانب سے بھی اظہار وجوہ کے عدالتی نوٹس کا جواب آج پیش کیا جائے گا۔ آج عدالت نیب کی درخواست پر وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی مزید دو جائیدادیں منجمد کرنے کے فیصلے کی توثیق بھی کرے گی۔ اس ضمن میں 14 نومبرکو نیب نے باضابطہ درخواست جمع کرائی تھی جس میں نیب حکام نے موقف اپنایا ہے کہ اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس کی تحقیقات میں دو نئی جائیدادیں سامنے آئی ہیں یہ جائیدادیں اسحاق ڈار، ان کی اہلیہ، کمپنیز کے نام پر تھیں جو بعد میں ٹرسٹ کو منتقل کی گئیں، درخواست کے متن میںکہا گیا ہے کہ ایک جائیداد ایم ایم عالم روڈ گلبرگ تھری لاہور میں واقع ہے۔ یہ جائیداد ہجویری فاونڈیشن کے نام پر ہے جبکہ دوسری جائیداد پلاٹ نمبر 33 اور 34 ہالیڈے پارک علی رضا آباد رائیونڈ روڈ پر واقع ہے، مذکورہ پلاٹ ہجویری ٹرسٹ کے نام پر ہے، نیب کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین نیب نے اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ان جائیدادوں کو منجمد کرنے کا حکم دیا ان جائیدادوں کو کسی اور کے نام منتقل کرنے یا بیچنے کے خدشات موجود ہیں، نیب نے استدعا کی ہے کہ عدالت ان دو جائیدادوں کو منجمد کرنے کے نیب فیصلے کی توثیق کرے۔