خیر پور(آن لائن+آئی این پی)خیرپور میں کوئلے سے بھرا ٹرک مسافر وین پر الٹنے سے 20 افراد جاں بحق اور 7شدید زخمی ہوگئے جن میں 4زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پیر کی صبح خیر پور سے سکھر جانے والی مسافر وین جب حسین بائی پاس پر پہنچی تو وہاں پر کراچی سے پنجاب جانے والا کوئلے سے بھرا ٹرک مسافر وین پر الٹ گیا۔ جس کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق اور7شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبعی امداد فراہم کرنے کے لئے سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔ گاڑی کاٹ کر لاشیں نکالی گئیں جبکہ کئی زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق وین خیرپور سے سکھر جا رہی تھی کہ ایک دوسری گاڑی کو اوورٹیک کرنے کے دوران حادثہ پیش آ گیا۔ سول ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے بھی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ حکام کے مطابق مسافر وین خیرپور سے سکھر جارہی تھی کہ دھند کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔ وین میں سوار تمام مسافر محنت کش تھے اور مزدوری کے لیے کام پر جارہے تھے۔آئی این پی کے مطابق 11مسافر موقع پر چل بسے جبکہ 9ہسپتال پہنچ کر جاں بحق ہوئے۔
خیر پور میں المناک حادثہ ، کوئلے سے بھر ٹرک مسافروین پر الٹ گیا، 20 افراد جاں بحق
Nov 21, 2017