مردان(خصوصی رپورٹر)امریکہ کے ”ڈومور“ کے مطالبہ کے جواب میں پاکستان کی جانب سے ”نومور“ کے عزم کا اظہار ہماری ملی امنگوں اور قومی غیرت کا آئینہ دار ہے۔خودداری کا اولین تقاضا خودانحصاری ہے کیونکہ غیر ملکی امداد پر تکیہ کرنے والی قوم کبھی خودداری کا مظاہرہ نہیں کرسکتی ہے۔ہم اپنی خودمختاری اور خودداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کااظہار سابق صدر پاکستان وچیئرمین نظریہ¿ پاکستان ٹرسٹ رفیق تارڑ نے آنسی ڈگری کالج مردان میں ”خوددارپاکستان کانفرنس“ کے شرکاءکے نام خصوصی پیغام میں کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری نظریہ¿ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید، اکرام اللہ شاہد، پرنسپل آنسی ڈگری کالج مردان ابوذر شاہ، صدر نظریہ¿ پاکستان فورم پشاور ملک لیاقت تبسم، طارق امین، نصیر آفریدی، آصف تنویر مرزا، اساتذہ¿، طلبہ سمیت افراد موجود تھے۔ شاہد رشید نے کہا نظریہ¿ پاکستان ٹرسٹ ایک قومی نظریاتی ادارہ ہے جو ایک تحریک کی صورت اختیار کرچکا ہے۔ہم نئی نسلوں کو تحریک پاکستان ،دوقومی نظریہ، قیام پاکستان کے اسباب ومقاصد اور مشاہیر تحریک آزادی کی حیات وخدمات اور افکارونظریات سے آگاہ کررہے ہیں۔ اکرام شاہد نے کہا ہم سب کو لسانیت اور صوبائیت کے بت پاش پاش کر کے قومی یکجہتی کو فروغ دینا ہو گا۔ ابوذرشاہ نے کہا کہ آزاد وطن کے حصول کیلئے ہمارے آباواجداد نے بڑی قربانیاں پیش کیں۔ اس آزادی کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ملک لیاقت تبسم، طارق امین، آصف تنویر مرزا اور نصیر آفریدی نے کہا تحریک پاکستان کے دوران نوجوانوں نے جو قربانیاں دیں وہ تاریخ میں سنہری حروف سے درج ہیں۔ پاکستان ہمارا گھر ہے اور ہمیں اپنے گھر کی حفاظت کرنی ہے۔پروگرام کے آخر میں مولانا عمر شاہ نے ملکی تعمیروترقی اور استحکام کیلئے دعا کروائی۔
امریکہ کو ”نومور“ کاجواب قومی امنگوںکا آئینہ دار ہے:مقررین
Nov 21, 2017