پدماوتی کی مدھیہ پردیش میں نمائش پر پابندی‘دپیکا پڈکون، ہدایت کار کے قتل پر 10کروڑ کا انعام، راکھی ساونت کو انتہا پسندوں کی دھمکیاں

نئی دہلی (نیوز ایجنسیاں) مدھیہ پردیش میں نمائش پر پابندی لگا دی۔ بھارتی سپریم کورٹ نے دخل اندازی سے انکار کر دیا۔ بی جے پی نے دپیکا پڈکون اور ہدایت کار سنجے دت کو قتل کرنے والے کے لئے 10 کروڑ روپے کا اعلان کیا ہے۔ بھارت میں ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے اداکارہ راکھی ساونت کو پدماوتی کی حمایت پر منہ کالا کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق فلم پدماوتی کی تیاری اور اس کی تشہیر میں کروڑوں روپے لگے ہیں اور اسے یکم دسمبر کو ریلیز کیا جانا تھا۔لیکن اس کی کہانی پر ہندو انتہا پسندوں کے بڑھتے دباؤ کے بعد فلم کے ہدایت کار اور پروڈیوسر نے پدماوتی کی ریلیز فی الحال منسوخ کردی ہے لیکن اس معاملے پر تنازعات بڑھتے ہی جارہے ہیں۔ایک جانب فلم کے حوالے سے تنازعات اس قدر بڑھ گئے ہیں کہ کچھ دن پہلے ایک ہندو انتہا پسند تنظیم نے اعلان کیا تھا کہ اگر فلم پدماوتی ریلیز ہوئی تو دپیکا کی ناک کاٹ دی جائے گی۔دوسری جانب اداکاروں اور سماجی حلقوں کی جانب سے ہر سطح پر اس فلم کی بھر پور حمایت کی جارہی ہے۔ فلم کی حمایت کرنے والوں میں سلمان خان اور کرن جوہر جیسے بڑے نام بھی شامل ہیں۔فلم کی حمایت کے لئے بالی ووڈ کی ان اہم شخصیات کی دیکھا دیکھی راکھی ساونت نے بھی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کردی جس میں انہوں نے پدماوتی کی حمایت میں بھاشن دے ڈالا۔ان کا کہنا تھا کہ وہ پدماوتی کی ریلیز کے حوالے سے بہت پر جوش ہیں۔ سنجے لیلا بھنسالی نے ایک اچھی فلم بنائی ہے جس میں دپیکا پڈوکون نے اچھا کام کیا ہے اور شاہد کپور بھی بہت خوبصورت نظر آرہے ہیں ، اس لیے وہ لوگوں سے اپیل کرتی ہیں کہ بھارت کے اندر اور بیرون ملک لوگوں کو اس کی حمایت کرنی چاہیے۔راکھی کی ویڈیو کیا جاری ہوئی ان کی مشکلیں بڑھ گئیں ، جس تنظیم نے دپیکا کی ناک کاٹنے کا اعلان کیا تھا اب اسی تنظیم نے راکھی کا منہ کالا کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔

ای پیپر دی نیشن