کراچی(اسٹاف رپورٹر)مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما ڈاکٹر شام سندر کے آڈوانی نے کہا کہ ہم بشپ جوزف کا ڈینل کوٹس کے شکرگزارہیں جنہوں نے ہمیں چرچ میں عزت بخشی اور دیوالی کی تقریب ہمارے ساتھ منائی۔ ڈاکٹر شام سندر کے ایڈوانی اورانیل کمار کی جانب سے سینٹ پیٹرک چرچ میں چرچ کے بشپ جوزف کلٹس کے ہمراہ دیوالی کی تقریب کا کیک کاٹا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں آج جو امن قائم ہے اس کاسہرا میاں محمد نواز شریف اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کو جاتا ہے اورآج ہم مل جل کررہ رہے ہیں اورمذہبی تہوار بنا کسی خوف کے منارہے ہیں۔ ہندو برادری ہمارے مسلمان بھائیوں کی عید کی خوشیوں اورکرسچن بھائیوں کے کرسمس کے تہوار میں بھی شریک ہوتے ہیں۔ اس موقع پر بشپ جوزف کا ڈینل کوٹس نے میڈیا سے با ت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آج بہت خوشی محسوس ہورہی ہے کہ ہم چرچ میں دیوالی کا کیک کاٹ رہے ہیں اورہمیں اسی طرح سے ربیع الاول کی عید بھی جوش وخروش سے منانی چاہیے اوراسی طرح کرسمس کو بھی مل جل کر مناناچاہیے جس سے ملک میں امن اوربھائی چارے کی فزا قائم ہوسکے۔ اس موقع پر فرانس ماریوروڈریکس ریکٹر‘پرویز گل ودیگر بھی موجود تھے۔ آخر میں ڈاکٹرشام سندر ایڈوانی نے جوزف کا ڈینل کوٹس اوردیگر افراد کو اجرک کا تحفہ پیش کیا۔