کابل (نوائے وقت رپورٹ) کابل میں شادی ہال میں خودکش دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 50 افراد جاں بحق جبکہ 80 سے زائد زخمی ہو گئے۔ خودکش بمبار نے ہال کے اندر جاری تقریب میں خود کو اڑا لیا۔ شادی ہال میں عید میلادالنبیؐ کی تقریب جاری تھی۔ شادی ہال کے منیجر نے غیر ملکی خبررساں ادارے کو بتایا کہ خودکش حملہ آور نے تقریب کے عین وسط میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا ۔ عمران خاں کی جانب سے کابل میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں افغان حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔ افغانستان نے خودکش دھماکے میں درجنوں اموات پر یوم سوگ کا اعلان کر دیا۔افغانستان میں آپریشن اور فضائی حملے میں 14 طالبان ہلاک اور 20 زخمی ہو گئے۔ ترجمان حنیف رضائی نے بتایا کہ 3 عسکریت پسندوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ ادھر ننگرہار صوبے کے علاقے عسکا منیٰ میں سکیورٹی اور سپیشل فورسز کے آپریشن میں داعش کے 51 دہشت گرد ہلاک کر دئیے گئے۔ آپریشن میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دئیے گئے اور اسلحہ برآمد کیا گیا۔