لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ یوٹرن وزیراعظم کی موجودگی میں پی ٹی آئی حکومت کے سو دن کے وعدوں کی حیثیت ختم ہوچکی ہے۔ علیمہ باجی کی جائیداد کیسے بنی؟ کن ذرائع سے یہ پیسہ باہر گیا؟ حکومت باہر چور ڈھونڈ رہی تھی ۔ قوم ان سوالات کے جواب جاننا چاہتی ہے۔ احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ چورچور کا شور مچانے والی حکومت خود چور ہے۔ چوروں کا یہی وطیرہ ہوتا ہے کہ وہ اوپر سے شور مچاتے رہتے ہیں اور چھپ کر واردات کرتے ہیں۔ عمران خان اور ان کی حکومت چورچور کا ڈھنڈورا شہر میں پیٹتی رہی اور چور ان کی اپنی بغل سے برآمد ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت صرف لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے میں مہارت رکھتی ہے ۔ پانچ سال کنٹینر پر یہی رویہ اپنایا گیا اور کسی کی عزت محفوظ نہ رہنے دی گئی۔ انہوں نے کہاکہ علیمہ باجی شوکت خانم، نمل کالج اور دیگر خیراتی اداروں کے بورڈز میں شامل ہیں۔ لوگوں کے عطیات کے پیسے میں گڑبڑ کی تحقیقات کے لئے کب جے آئی ٹی بنے گی اور نیب تحقیقات کا آغاز کرے گی؟عوام اور اپوزیشن اس کا جواب مانگتی ہے۔ ایک او ر سوال پر انہوں نے کہاکہ اپوزیشن تو پچاس سال اور اس سے زائد کا حساب دے رہی ہے۔ اپنے گھروالوں، بچوں، بزرگوں کی پائی پائی کا حساب دے رہی ہے۔ لیکن وزیراعظم نے علیمہ خانم کے نام پر جو منی لانڈرنگ کی ہے، اس کی تحقیقات کا آغاز کب ہوگا؟ یہ سرمایہ ان کے پاس کہاں سے آیا؟ کیا یہ چندے کے اور لوگوں کے عطیات ہیں؟ بیرون ملک یہ سرمایہ کیسے منتقل ہوا؟ وزیراعظم نے اپنی بہن کو این آر او دیا ہے اور دیگر اپنے قریبی حواریوں کو یہ سہولت دی ہے۔ اس حکومت نے غریب کے منہ سے نوالا چھین لیا، مہنگائی کا بم گرایاگیا۔ ایک کروڑ نوکریاں او رپچاس لاکھ گھروں کی عوام راہ دیکھ رہے ہیں۔ نئی نوکریاں ملنے کے بجائے لوگ بیروزگار ہورہے ہیں۔ عمران خان بتائیں بنی گالہ کی جائیداد کہاں سے آئی۔ ان کی بے نامی پر آنکھیں بند ہوگئیں۔ دوسروں کے بارے میں این آر او کے نعرے حکومت اس لئے لگاتی ہے تاکہ اپوزیشن اس کی نااہلی کا سوال نہ پوچھے۔ حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لئے شورمچاتی ہے تاکہ اپوزیشن اسمبلی کے فلور پر اس سے یہ نہ پوچھیں کہ غریب کے منہ سے نوالا کیوں چھینا گیا۔ انہوں نے کہاکہ سو دن کے وعدے وزیراعظم کے ایک بیان سے ختم ہوجائیں گے کہ میں نے یوٹرن لے لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علیمہ خان کو این آر او اس لئے دیا کہ ان کی چوری کے پیچھے عمران خان صاحب ہیں۔بتایا جائے کہ کن شرائط پر یہ این آر او دیا گیا؟ بتایا جائے کہ کن ذرائع سے دبئی میں پراپرٹی لی گئی؟ بتایا جائے پیسہ منی لانڈرنگ کے ذریعے کیسے دبئی گیا؟ بتایا جائے علیمہ باجی نے یہ پیسہ ڈکلیئر کیوں نہیں کیا؟ بتایا جائے نیب اس معاملے میں تحقیق کے لیے کب ریفرنس بنائے گا؟ بتایا جائے پراپرٹی کی مالیت کیا ہے اور جرمانہ ادا کرنے کی شرائط کیا ہیں؟
سو دن مکمل ہوئے تو عمران وعدوں پر یوٹرن لے لیں گے : مریم اورنگزیب
Nov 21, 2018