افغانستان: ہیلی کاپٹر تباہ، 2 امریکی فوجی ہلاک

کابل+لوگر ( اے پی پی+نیٹ نیوز+انٹرنیشنل ڈیسک)افغانستان میں دو مختلف واقعات میں 2 امریکی فوجی ہلاک ہوگئے۔دوسری جانب صوبے قندوز میں طالبان جنگجوؤں نے افغان فوج کی چیک پوسٹ پر حملہ کرکے 13 فوجی اہلکاروں کو مارے گئے، حملے میں 5 افغان فوجی زخمی بھی ہوئے۔ طالبان جنگجو افغان فوجیوں کا اسلحہ لیکر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ افغان فوج نے قریبی علاقوں میں سرچ آپریشن کاآغاز کردیا ہے۔ادھرجانب صوبہ ہلمند میں افغان فوج کی کارروائی میں 5 طالبان ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق افغانستان کے صوبے لوگر میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 2 امریکی فوجی ہلاک ہوگئے۔افغانستان میں امریکی حکام نے ہیلی کاپٹر حادثے کو تکنیکی خرابی قرار دیا ہے جبکہ طالبان نے ہیلی کاپٹر کو مار گرانے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی فوج کو نشانہ بنایا ہے جس میں کئی امریکی فوجی اہلکار مارے گئے ہیں، امریکی فوجیوں کے انخلاء تک ایسی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ طالبان نے دعویٰ کیا امریکی فوجی ہیلی کاپٹر چنیوک انہوں نے مارا گرایا ہے۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ٹوئٹر کے ذریعے کہا امریکی چاپر ضلع چرخ میں پنگرام کے علاقے میں طالبان کے ٹھکانے پر ریڈ کرنے والا تھا۔ طالبان ترجمان کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ رات پیش آیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہیلی کاپٹر کریش واقعے میں 54 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ واقعے کے بعد مزید ہیلی کاپٹرز اور طیاروں نے علاقے کو گھیر لیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن