لاہور (خصوصی نامہ نگار)چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہرمحمود اشرفی نے کہا ہے کہ اسرائیلی بستیوں کے حوالے سے امریکی موقف عالمی قوانین کے خلاف ہے،جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا۔امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے حالیہ بیان سے پوری امت مسلمہ اضطراب کا شکار ہے۔ اب یہ بات پوری دنیا کے سامنے کھل کر سامنے آگئی ہے کہ اسرائیل کو کس نے پیدا کیا اور اس کی پرورش کون کر رہا ہے، کشمیر اور فلسطین کی صورتحال پر او آئی سی کا سربراہی اجلاس بلایا جائے اور متفقہ لائحہ عمل اپنایا جائے۔ غزہ پر اسرائیل کے تازہ حملے تشویشناک ہیں حالیہ حملوں میں درجنوں فلسطینی شہید اورسیکڑوں زخمی ہوئے۔اسرائیلی افواج جھوٹ بول کر دنیا کو گمراہ کر رہی ہے کہ اس کے حملے فلسطین کے ان علاقوں پر ہیں جہاں جہادی گروپس کے ٹھکانے ہیں۔ نہتے فلسطینی اسرائیلی ظلم و بربریت کا شکار ہیں لیکن دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال 59فلسطینی بچے شہید ہوئے۔اس ظلم و بربریت پر مغرب سے تعلق رکھنے والی انسانی حقوق کی تنظیمیں بھی چیخ اٹھیں لیکن حکومتیں ابھی تک خاموش ہیں،انسانی حقوق کی عالمی تنظیم نے اسرائیلی جنگی جرائم کی تحقیقات کے لیے عالمی عدالت میں درخواست دائر کردی ہے، او آئی سی کو بھی اس کیس کا فریق بننا چاہیے۔
اسرائیلی بستیوں پر امریکی موقف عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے:طاہر اشرفی
Nov 21, 2019