چیئرمین نیب اداروں کی مکمل آزادی کے باعث ہی حکومتی احتساب کی بات کرتے ہیں: گورنر سرور

لاہور (کلچرل رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ اداروں کی مکمل آزادی کی وجہ سے ہی چیئرمین نیب حکومت کے احتساب کی بات کر رہے ہیں۔ ہم ملک میں بلاتفر یق اور شفاف احتساب کیساتھ ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار بھرپور محنت کر رہے ہیں۔ انہیں اور مجھے وزیر اعظم کا بھر پور اعتماد حاصل ہے۔ تحر یک انصاف22سال جد وجہد کر نیوالے وزیر اعظم عمران خان اور انکے ساتھیوں نے بنائی ہے۔ چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی سمیت تمام اتحادی حکومت کیساتھ ہیں۔ بزنس پلان کے تحت گورنر ہائوس کمرشل تقریبات سمیت دیگر ذرائع سے اپنے اخراجات خود پورے کر یگا۔ نوازشر یف کو عدالت نے بیرون ملک جانے کی اجازت دی ہے۔ امید ہے وہ جلد صحت یاب ہو کر پاکستان واپس آئیں گے۔ وہ گورنر ہائوس لاہور میں انفارمیشن ٹیکنالوجی میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے جبکہ اس موقع پررکن پنجاب اسمبلی نذیر احمد چوہان ،ڈائر یکٹر این آئی اے آئی ایس ڈاکٹر عمران ،ڈاکٹر یاسر ایاز، ڈاکٹر وجاہت قاضی اور پروفیسر اعجاز قریشی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ چوہدری محمد سرور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹیز میں اراکین اسمبلی کو حق ہوتا ہے کہ وہ ایشوز پر بات کریں یا اپنی پارٹی قیادت سے کوئی سوال کریں اس لیے اگر تحریک انصاف کی صوبائی پارلیمانی پارٹی میں کوئی بات کی گئی ہے تویہ اراکین کا حق ہے مگر جہاں تک وزیر اعلی سردار عثمان بزدار کا تعلق ہے تو وہ مہنگائی سمیت دیگر عوامی مسائل کے حل کیلئے روزانہ خود اجلاسوں کی صدارت کر رہے ہیں اور صوبے کے مسائل کے حل کیلئے بھر پور محنت کر رہے ہیں۔ مجھے اور عثمان بزدار کو وزیر اعظم عمران خان کا بھر پور اعتماد حاصل ہے اور انکے اعتماد کی وجہ سے ہی ہم اپنے عہدوں پر موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پہلے دن سے اداروں کی مضبوطی کی بات کر رہے ہیں۔ تقریب سے خطاب کے دوران چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت بہت سے چیلنجز در پیش ہیں جن سے نمٹنے کیلئے حکومت بھر پور اقدامات کر رہی ہے جسکی وجہ سے ملک معاشی طور پرکامیابیوں کیساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن