سینئر پولیس افسروں کی آنکھیں بند ، دنیا کے قانون سے بچنے والوں کو قبر میں حساب دینا ہوگا: ہائیکورٹ

لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ نے ڈکیتی مزاحمت پولیس مقابلے میں ملوث ملزموں کی ضمانت منظور کر لی۔ عدالت نے ناقص تفتیش پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ بااثر افراد اور دنیا کے قانون کی پکڑ سے بچ جانیوالوں کو قبر میں حساب دینا پڑے گا۔ جسٹس قاسم خان نے ملزم شوکت اور آصف کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیدیا۔ ملزموں کے خلاف گوجرانوالہ پولیس نے ڈکیتی کے الزام میں مقدمہ درج کیا تھا۔ ملزمان پر پولیس پر بھی فائرنگ کا الزام تھا۔ عدالت نے ناقص تفتیش پر قرار دیا کہ سینیئر پولیس افسروں نے تو آنکھیں بند کی ہوئی ہیں۔ فاضل جج نے افسوس کا اظہار کیا کہ اس ملک میں غریب کی حالت مزید خراب ہو چکی ہے۔ پولیس اہلکاروں نے پراڈو والے پر فائرنگ کی ہوتی تو اب تک تمام پولیس والے جیل میں ہوتے۔ لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ موٹر سائیکل سوار کو ناکے پر روک کر گولیاں ماردیں اور پولیس مقابلہ قرار دیدیا۔ بادی النظر میں یہ پولیس مقابلہ جعلی لگتا ہے۔ فاضل عدالت نے باور کرایا کہ پہلے شہریوں پر گولیاں چلاکر پولیس مقابلہ کا ڈرامہ رچایا پھر انہیں مزید مقدموں میں نامزد کردیا۔

ای پیپر دی نیشن