اسلام آباد (نوائے رپورٹ) پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کیخلاف غیرملکی فنڈنگ کی تحقیقات شروع ہوگئیں۔ الیکشن کمشن کی جانب سے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کو نوٹس جاری کر دیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق الیکشن کمشن کی سکروٹنی کمیٹی نے پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے نمائندوں کو 26 نومبر کو کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دونوں جماعتوں کا پیش ہونے کیلئے الگ الگ وقت مقر کیا گیا ہے۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی پر امریکہ اور برطانیہ سے غیرقانونی فنڈنگ حاصل کرنے کا الزام ہے۔ تحریک انصاف کے ایم این اے فرخ حبیب نے مسلم لیگ ن‘ پیپلز پارٹی کیخلاف درخواست دائر کر رکھی ہے۔ فرخ حبیب نے کہا دونوں جماعتیں الیکشن کمشن میں اپنی مالیات سے متعلق حقائق پیش کرنے سے گریزاں ہیں۔ ن لیگ کے پارٹی اکاؤنٹس کے ذریعے مین لانڈرنگ کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔ پارٹی اکاؤنٹس کو منی لانڈرنگ کیلئے استعمال کرنے والوں سے باز پرس ضروی ہے۔ بطور درخواست گزار دونوں جماعتوں کو فرار نہیں ہونے دونگا۔