اتھلیٹس پیدا کرنے کیلئے نیوٹریشن کو نصاب کا حصہ بنانا پڑیگا:سحر چاولہ

Nov 21, 2019

لاہور (نمائندہ سپورٹس + سپورٹس رپورٹر) ماہر غذائیات ڈاکٹر سحر چاولہ کا کہنا ہے کہ صحت مند معاشرہ اور باخبر اتھلیٹس پیدا کرنے کیلئے نیوٹریشن کو نصاب کا حصہ بنانا پڑیگا۔ ٹریننگ کو عام زندگی کا حصہ بنانا اہم ہے۔ فٹنس ٹریننگ کرنیوالوں کو فضول خرچ یا پر آسائش زندگی گذارنے والا کہا جاتا ہے حالانکہ یہ سب کیلئے ضروری ہے کہ جم جائیں، روزانہ واک کریں۔ بدقسمتی سے اس شعبے کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہمارے اتھلیٹس بھی اس بارے بہت کم علم رکھتے ہیں حالانکہ ان کیلئے سب سے زیادہ اہم ہے۔ ہر سپورٹس فیڈریشنز کو مستقل بنیادوں پر ماہر غذائیات کی خدمات حاصل کرنی چاہئیں کیونکہ جب تک اچھی اور مناسب غذا نہیں لی جائیگی کوئی بھی کھلاڑی بہت پرفارم نہیں کر سکتا۔ کھلاڑی کو کس وقت پروٹین، کاربو ہائیڈریٹ، پولگرینز،فیٹی ایسڈز اور کتنے پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ چیزیں جب تک نہ دیکھی جائیں بہترین پرفارمنس نہیں لی جا سکتی۔ اتھلیٹس کا رویہ بھی غیر پیشہ وارانہ ہے۔ اس کی سب سے بڑی وجہ علم کی کمی ہے۔

مزیدخبریں