لاہور (خصوصی نامہ نگار )تحریک لبیک یا رسول اللہ ؐاور تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی کی رہائی کے موقع پر مرکز صراط مستقیم تاج باغ میں ’’غلبۂ حق کانفرنس‘‘ ہوئی۔ جس کی صدارت پیر محمد اقبال ربانی ہمدمی نے کی۔ کانفرنس کے مہمان خصوصی مفتی محمد احسان الحق نقشبندی تھے جبکہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یا رسول اللہ کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہاکہ غلبۂ حق کے لئے قید و بند کی صعوبتیں علمائے حق کے لئے سعادت کا زیور ہیں۔ چارہ ماہ کی قید تنہائی مجھے اہل حق سے تنہا نہیں کر سکی۔ ذاتِ رسول کی نسبت سے آل و اصحاب کا احترام ہی اتحادِ اْمت کی بنیاد ہے۔ ہمارا مشن اِن دونوں محبتوں کو اِن کے شرعی تقاضے کے مطابق مانتے ہوئے اْمت کو متحد کرنا ہے۔ اپنی چکّی میں 30 روزہ محافل میلاد کا انعقاد میرے لئے عظیم تحفہ ہے۔ کانفرنس میں علامہ محمد عبد الرشید اویسی، علامہ محمد صابر علی صدیقی، پروفیسر محمدضیاء المصطفیٰ منور، علامہ محمد عمر فاروق توحیدی، مفتی محمد عمران رضا نقشبندی،مولانا محمد حبیب اللہ سیالوی و دیگر نے بھی شرکت کی۔
غلبۂ حق کیلئے قید و بند کی صعوبتیں علماء کیلئے سعادت کا زیورہیں:اشرف جلالی
Nov 21, 2020