اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے آرمی سدرن کمانڈ کے زیر انتظام بلوچستان کی چھٹی نیشنل سکیورٹی ورکشاپ سے ویڈیو ٹیلی کانفرنس کے ذریعے خطاب کیا۔ ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امیرالبحر نے خطے کی موجودہ صورت حال پر بات کرتے ہوئے میری ٹائم سکیورٹی چیلنجر کی جانب توجہ مبذول کرائی۔ انہوں نے بین الاقوامی پانیوں کے تحفظ اور دفاع کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کے انفرادی اور اجتماعی اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔ نیول چیف نے میری ٹائم سیکٹر کی اہمیت اجاگر کرنے اور پاکستان اور اس کے ساحلی علاقوں کی معاشی ترقی میں میری ٹائم سیکٹر کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کی کاوشوں پر بھی گفتگو کی۔ شرکاء کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے امیرالبحر نے بلوچستان کی عوام کی فلاح و ترقی کے لیے پاک بحریہ کے اقدامات کا ذکر کیا جن میں کوسٹل سکیورٹی، تعلیم کے فروغ، طبی سہولیات اور روزگار کی فراہمی قابل ذکر ہیں۔ شرکاء نے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے بلوچستان میں پاک بحریہ کے فلاحی منصوبوں کے مزید فروغ کی تجویز بھی دی۔