اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے قتل کیس میں برطانیہ کو مطلوب پاکستانی نژاد برطانوی شہری پیراں دتہ کے حوالگی کے معاملے پر انکوائری مجسٹریٹ کو سماعت جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے حتمی فیصلے سے روک دیا ہے۔ جبکہ انکوائری مجسٹریٹ کی حکم نامہ کے خلاف درخواست پر وفاق کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 10دسمبر تک جواب طلب کر لیا ہے۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے پیراں دتہ کی درخواست پر سماعت کی جس میں انکوائری مجسٹریٹ اسلام آباد کے 9 نومبر کے حکم نامہ اور اس کے دائرہ اختیارکو چیلنج کیا گیا تھا۔ پیراں دتہ پر 18نومبر 2005ء کو برطانیہ میں لیڈی پولیس کو قتل کرنے کا الزام ہے۔ ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اس کیس میں جن ملزمان کو برطانیہ میں سزا ہوئی اس کا ریکارڈ لینے کی درخواست دی تھی جو انکوائری مجسٹریٹ نے مسترد کردی۔ انکوائری مجسٹریٹ نے سیکشن افسرکو بلا رکھا ہے، وہ حتمی کارروائی ہے۔ اسی نوعیت کے کیس میں عدالت نے فیصلہ دے رکھا ہے کہ تفتیشی افسر کا پاکستان آکر بیان ریکارڈکرانا ضروری ہے۔