بگلیہارڈیم پر پانی روکنے سے دریائے چناب90فیصد خشک

سیالکوٹ (نامہ نگار) بھارتی غیرقانونی زیر قبضہ کشمیر کے بگلیہار ڈیم پر سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی کرکے بھارت کی طرف سے پانی روکے جانے کی وجہ سے ہیڈمرالہ کے مقام پر دریائے چناب کے پانی کی آمد انتہائی کم ہوکر پانچ ہزار چار سو ساٹھ کیوسک رہ گئی جس کی وجہ سے دریا کا نوے فیصد حصہ خشک ہوگیا جبکہ ھیڈ مرالہ سے نکلنے والی نہر مرالہ راوی لنک مکمل بند ہونے کی وجہ سے خشک ہوگئی اور دوسری نہر اپر چناب میں پانی کا بہائو صرف پانچ ہزار چار سو اکتالیس کیوسک رہا۔ اور پانی کی کمی کی وجہ سے سیالکوٹ، پسرور، نارووال، سمبڑیال، ڈسکہ اور گوجرانوالہ ودیگر اضلاع کی لاکھوں ایکڑ زرعی رقبے پر کاشت شدہ فصلوں کو کسان وکاشتکار ٹیوب ویلوں کا پانی لگانے پر مجبور رہے۔ ترجمان محکمہ ایری گیشن کے مطابق مقبوضہ کشمیر سے آنے والے دو دیگر دریائوں دریائے مناور توی کے پانچ سو تین کیوسک پانی اور دریائے جموں توی کے ایک ہزار 78 کیوسک پانی کے شامل ہونے سے دریائے چناب کے مجموعی پانی کی آمد سات ہزار 41 کیوسک رہی تاہم دریائے چناب کے صرف اپنے پانی کی آمد پانچ ہزار چار سو ساٹھ کیوسک رہی۔

ای پیپر دی نیشن