گوجرانوالہ: بوگس رینٹ ایگریمنٹ‘ سابق میئر شیخ ثروت و دیگر کے خلاف اینٹی کرپشن میں مقدمہ

 گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) اینٹی کرپشن گوجرانوالہ ریجن کی بڑی کارروائی‘  سرکاری املاک پر ناجائز  قابضین اور ان کی معاونت کرنے والے بد عنوان سرکاری اہل کاروں کے خلاف ایکشن۔ ڈپٹی ڈائریکٹر انویسٹی گیشن منڈی بہائوالدین  رائے ذوالفقار کی  انکوائری  رپورٹ میں  جرم ثابت  ہونے پر سابق یونین کونسل چیئرمین  عاطف بٹ  اور ان  کی بیوی روحی سحر‘ سابق میئر  گوجرانوالہ میونسپل کارپوریشن شیخ  ثروت اکرام ‘ اظہر سہیل جونیئرکلرک /  رینٹ کلرک‘ شہزاد احمد  کھوکھر سابق  لینڈ سپرنٹندنٹ‘  خواجہ صفدر ایم  او  (آر)‘ احمد کمال سابق چیف آفیسر‘ محمد یونس کھوکھر اشٹام فروش‘ ملک شاہ  زیب گواہ  بوگس  ایگریمنٹ  اور محمد اسلم  گواہ بوگس  ایگریمنٹ  کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔  سرکل آفیسر اینٹی کرپشن گوجرانوالہ  محمد زمان  نے مزید تفتیش  شروع کر دی ہے۔ اینٹی کرپشن  ذرائع  کے مطابق مونسپل کارپوریشن گوجرانوالہ کے جنرل بس سٹینڈ میں واقع  ایک دکان  کا بوگس  رینٹ  ایگریمنٹ  روحی سحر  زوجہ عاطف  بٹ سابق  یونین کونسل چیئرمین  کے نام ستمبر 2003  میں  تیار ہونا ظاہر کیا گیا  لیکن دوران انکوائری یہ رینٹ ایگریمنٹ  بوگس ثابت ہوگیا ۔ ذرائع  نے مزید  بتایاکہ  اس  بوگس ایگریمنٹ  پر سابق ناظم تحصیل کونسل گوجرانوالہ سٹی  خواجہ جاوید کے جعلی ستخط  کئے گئے جنہوں نے  دوران  انکوائری  ایسے کسی بھی رینٹ  ایگریمنٹ  اور ان پر  اپنے دستخطوں سے مکمل لاعلمی  کا اظہار کیا۔ مزید  برآں  2003   میں تیار  ہونے والے  اشٹام  پیپر  پر 2015  میں سرکاری  طور پر متعارف کروایا جانے والا  لوگو  تھا جو ناممکن بات ہے۔ دوران انکوائری2005    اور 2017  میں لوکل گورنمنٹ سسٹم میں ہونے والی ٹرانزیکشن کے عرصہ میں مذکورہ  رینٹ ایگریمنٹ کا کو ئی بھی ریکارڈ  دستیاب نہیں تھا اور نہ ہی  2003  سے لے کر 2016  کے دوران جمع کرائے جانے والے رینٹ کی کو ئي رسیدیں موجود تھیں اور اصل  رینٹ  ایگریمنٹ  اور فائل بھی ضائع کر دی گئی تھی۔

ای پیپر دی نیشن