لاہور (نیوز رپورٹر) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ڈی جی پی آر آفس میں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین شیخ محمد عمران کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی تعمیراتی صنعت کیلئے اقدامات سے اس صنعت سے وابستہ دیگر صنعتوں کو فروغ حاصل ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راوی ریور فرنٹ اربن پراجیکٹ مستقبل کے نئے منصوبہ سازوں کیلئے کئی دہائیوں تک ایک مثال ہوگا۔ تحریک انصاف کی حکومت نے پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے منصوبے کے خواب کو عملی تعبیر میں ڈھالنے کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ سات برس قبل اس پراجیکٹ کی منصوبہ بندی کی گئی مگر ماضی کے حکمرانوں کی ترجیحات میں عوامی فلاح کے منصوبے شامل ہی نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ مستقبل میں لاہور اور گردونواح کے علاقوں کو ناصرف خوبصورت بنائے گا بلکہ سمندر پار پاکستانیوں کی خواہشات کو بھی پورا کرے گا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ دریائے راوی لاہور کی پہچان تھا جو کہ اب لاہور کی خوبصورتی پر دھبہ بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2800 ارب کی محفوظ سرمایہ کاری اور 12 لاکھ لوگوں کیلئے با عزت روزگار کے مواقع کے علاوہ اس منصوبہ سے18 لاکھ رہائشی یونٹ نہ صرف پنجاب بلکہ پاکستان کی معیشت میں استحکام لائیں گے۔ صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج کل سیاسی کنیز کو شہباز شریف کی صحت کے حوالے سے کافی پریشانی لاحق ہے۔ معاون خصوصی نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ایل ڈی اے کے وائس چیئر مین شیخ محمد عمران کو راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ترجمان کا اضافی چارج سونپا گیا ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں شیخ عمران نے کہا کہ اس پراجیکٹ کے تحت 13خصوصی مراکز بنائے جائیں گے جن میں نالج سٹی، ہیلتھ سٹی، کمرشل سٹی، سپورٹس سٹی بھی شامل ہیں۔ پانی کیلئے بیراج اورویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ بھی بنائے جائیںگے۔ جھیل میں 271 بلین لیٹر بارشوں کا وہ پانی ذخیرہ کیا جائے گا جو اس سے قبل ضائع ہو جاتا تھا-شیخ عمران نے کہا کہ یہاں 60لاکھ سے زائد پودے ماحولیاتی آلودگی میں واضح کمی لائیں گے- انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ اس پراجیکٹ میں 90 فیصد میٹریل مقامی طو رپر تیار شدہ استعمال ہو گا اگلے تین برس اس منصوبے پر تیزی سے کام کریں گے اور ایک نیاشہر آباد ہو گا۔