جماعت الدعوۃ کے ایک اور رہنما کو 6 ماہ قید‘ سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ‘ 3 پولیس اہلکار اشتہاری قرار

Nov 21, 2020

لاہور  (اپنے نامہ نگار سے) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما محمد اشرف کو بھی 6 ماہ قید کی سزا سنا دی۔ انسداد دہشت گردی عدالت نمبر ایک کے جج ارشد حسین بھٹہ کی عدالت میں سی ٹی ڈی کی طرف سے درج مقدمہ نمبر 26/19کی سماعت ہوئی۔ اس موقع پر گواہوں کے بیانات مکمل ہونے کے بعد عدالت کی طرف سے فیصلہ سنایا۔ عدالت نے دس ہزار روپے جرمانہ کی سزا بھی سنائی ہے۔  جماعۃ الدعوۃ کے رہنمائوں کے خلاف مجموعی طور پر اکتالیس مقدمات درج ہیں جن میں سے اب تک 25 مقدما ت کے فیصلے سنائے جاچکے ہیں۔ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹائون استغاثہ کیس میں طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر اے ایس آئی محمد اقبال، محمد اشرف اور کانسٹیبل وسیم اقبال کو اشتہاری قرار دیدیا۔ عدالت نے ملزمان کے وکیل کو دہشتگردی کی دفعہ ختم کرنے کی درخواست پر دلائل کے لیے آج  ہفتہ کے روز طلب کر لیا۔

مزیدخبریں