لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ مذاکرات اور ڈائیلاگ کا سلسلہ شروع ہوگا لیکن اس ڈائیلاگ کی کیا حیثیت ہوگی جس میں حکومت نہیں ہوگی۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ گلگت بلتستان میں الیکشن آزاد امیدواروں نے جیتا ہے کیونکہ ووٹ بینک کے حساب سے بھی آزاد امیدوار جیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ قوم کو بند گلی میں لے کر جارہے ہیں۔ نوازشریف اور مریم نواز نے بیان دے کر عمران خان کی خدمت کی ہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ خدا اپوزیشن کو عقل و شعور دے کہ وہ تیزی سے مذاکرات کی طرف آئیں۔ وزیر ریلوے نے کہا نیب اور این آر او کیسز سے ہٹ کر عمران خان ہر ایک سے بات چیت کے لیے تیار ہے۔ جب سیاسی لوگ سیاسی لوگوں سے بات چیت نہیں کرتے تو سیاست کا جنازہ نکلتا ہے اور مجھے امید ہے اس ملک میں سیاست کا جنازہ نہیں نکلے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنرل باجوہ نے ایک نہیں چار مرتبہ کہا جس کی بھی حکومت ہوگی فوج اس کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ کوئی بھی عقل کا اندھا یہ نہ سوچے کہ پاکستان کی عظیم فوج کو ملک کے کسی مسئلے سے الگ کیا جاسکتا ہے۔ شیخ رشید نے کہا ہے کہ جلسوں سے کرونا پھیلنے کا خدشہ ہے۔ عمران خان جلسوں سے کہیں نہیں جا رہے۔ سیاسی جماعتوں میں مذاکرات کے دروازے بند نہیں ہوتے۔ جلسے کرکے کرونا وائرس پھیلا کر اگر اپوزیشن سمجھتی ہے کہ حکومت کوکمزور کر رہے ہیں تویہ ایسا نہیں ہوگا۔