اسلام آباد (اے پی پی) دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی جمعہ کو بچوں کا عالمی دن اس عزم کے ساتھ منایا گیا کہ بچے ہمارا قومی اثاثہ ہیں۔ ان کے حقوق کا تحفظ معاشرے سمیت حکومت کی ذمہ داری ہے۔ کرونا وباء کے پیش نظر اس سال بچوں کا عالمی دن ورچوئل طریقے سے منایا گیا۔ وزارت انسانی حقوق اور یونیسف پاکستان کے اشتراک سے ملک بھر میں 30 اہم اور یادگار عمارتوں کو نیلے رنگ کی روشنیوں سے روشن کیا گیا جن میں وزیراعظم سیکریٹریٹ، قومی اسمبلی کی عمارت، مینار پاکستان، مزار قائد، خیبر پختونخوا میں درہ خیبر سمیت اہم اور یادگار عمارتیں شامل ہیں۔ جمعہ کو مغرب کے بعد یہ عمارتیں نیلے رنگ کی روشنیوں سے منور کی گئیں جو انتہائی خوبصورت منظر پیش کرنے لگیں۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، وفاقی وزیر انسانی حقوق سمیت وفاقی و صوبائی وزراء سمیت اہم شخصیات نے خصوصی پیغامات جاری کئے جن میں بچوں کے حقوق کے بارے میں حکومتی عزم کا اعادہ کیا گیا۔ یونیسف پاکستان کی جانب سے بچوں کے حقوق سے متعلق خصوصی رپورٹ بھی جاری کی گئی جس میں بچوں کو کرونا وباء کے دوران درپیش خطرات اور ان کے حقوق کے تحفظ کے بارے میں خصوصی اقدامات کا ذکر کیا گیا۔