اسلام آباد (نیٹ نیوز، نوائے وقت رپورٹ) چین نے عالمی انسداد دہشت گردی کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے اس حوالے سے کی جانے والی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ چینی دفتر خارجہ کے ترجمان لی جیان ژاؤ نے کہا کہ دہشت گردوں کی کمر توڑنے کے لئے چین پاکستان کے ساتھ ہے۔ سی پیک کو ناکام بنانے کی کوششیں کرنے والے مایوس ہوں گے۔ پاکستان سے تعاون جاری رکھیں گے۔ واضح رہے پاکستانی ڈوزئیر میں سی پیک کے خلاف بھارتی سازشوں اور ریاستی دہشت گردی کے تمام ثبوت موجود ہیں اور پاک فوج کے ترجمان سی پیک کے خلاف بھارتی سازشوں اور مذموم عزائم کو بے نقاب کر چکے ہیں۔ جبکہ وہ سی پیک کو ناکام کرنے کی بھارتی کوششوں کے ثبوت بھی دے چکے ہیں۔میجر جنرل بابر افتخار نے بھارت کے دہشت گردوں سے رابطوں، مالی معاونت، تربیت اور سرپرستی کو بے نقاب کیا۔ انہوں نے اپنی 14 نومبر کی پریس کانفرنس میں بھارتی سازشیں بے نقاب کر دی تھیں۔میجر جنرل بابر افتخار نے بتایا تھا کہ سی پیک کیخلاف بھارتی خفیہ ایجنسی ‘’را’’ کے ہیڈ کوارٹرز میں 2015ء میں خصوصی سیل بنایا گیا اور اس کیلئے 80 ارب روپے کی ابتدائی رقم مختص کی گئی ہے۔ سی پیک کیخلاف سیل کا سربراہ براہ راست بھارتی وزیراعظم کو رپورٹ کرتا ہے۔پاکستانی ڈوزیئر میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارت نے بلوچستان اور سی پیک کیخلاف دہشت گردی کیلئے بلوچ عسکریت پسندوں کی تربیت اور فنڈنگ کی۔ بلوچ عسکریت پسند تنظیموں کو ‘’براس’’ کے بینر تلے اکٹھا کیا۔ سی پیک کو سبوتاژ کرنے کیلئے بھارت نے 700 افراد کی ملیشیا تشکیل دی۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے دنیا کے سامنے شواہد رکھے تھے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘کے 10 ایجنٹس سمیت سی پیک کیخلاف 24 رکنی کمیشن بنایا گیا۔ بھارت نے بنائی گئی ملیشیا کیلئے 60 ملین ڈالرز کے فنڈز مختص کیے۔