لاہور (وقائع نگار خصوصی+ اے پی پی) شبلی فراز نے کہا ہے کہ کرونا وبا ایک عالمی حقیقت ہے یہ کسی ذہن کی اختراع نہیں۔ عدالتی فیصلہ آچکا ہے۔ اپوزیشن اب ہوش کے ناخن لے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و سینیٹر شبلی فراز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ میں لکھا کہ عدالتی فیصلہ بھی آچکا، اپوزیشن اب ہوش کے ناخن لے اور عوام دشمنی کی مرتکب نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی صحت کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ خدانخواستہ اگر قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا تو اس کے ذمہ داران اپوزیشن رہنما اور جلسوں کے منتظمین ہوں گے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے فاصلاتی نظام تعلیم کی نمو کے لئے ایک اور سنگ میل کی طرف پیشقدمی کرتے ہوئے ’ ریڈیو سکولز‘ کے قیام کے لئے ریڈیو پاکستان، وزارت اطلاعات و نشریات کے ساتھ مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط کئے۔ مفاہمتی یادداشت کی تقریب میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز، پارلیمانی سیکرٹری تعلیم وجیہہ اکرم، سیکرٹری تعلیم فرح حامد خان، سیکرٹری اطلاعات و نشریات زاہدہ پروین نے شرکت کی۔ ایڈیشنل سیکرٹری محی الدین احمد وانی اور ڈائریکٹر جنرل ریڈیو عنبرین جان نے مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کئے۔ ریڈیو سکولز کا قیام وزیر اعظم پاکستان کے وژن کی روشنی میں گھروں تک تعلیم کی رسائی کو یقینی بنانے، کووڈ 19 کے اثرات سے بچوں کو تعلیمی حرج سے بچانے کے لئے نہایت اہم پیشرفت ہے۔ ریڈیو پاکستان کی رسائی پورے پاکستان میں ہونے کی وجہ سے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے بچے وفاقی وزارت تعلیم کے اس اقدام سے استفادہ کریں گے۔ ریڈیو سکولز سے صبح کو 10سے 12 بجے تک تعلیمی پروگرام نشر کرے گا جبکہ شام کو دوبارہ نشر کیا جائے گا تا کہ ورکشاپس میں کام کرنے والے بچے شام کو استفادہ کر سکیں اور تعلیم کے بنیادی حق سے کوئی محروم نہ رہے۔ انٹرنیٹ اور موبائل ایپ کے ذریعے بھی ان پروگرامز سے استفادہ کیا جا سکے گا۔ وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ ریڈیو سکولز کا بڑا فائدہ ان بچیوں کو ہوگا جن کی رسائی کسی وجہ سے سکول تک نہیں۔ حکومت پاکستان کے اس اقدام سے وہ بھی زیور تعلیم سے آراستہ ہوں گی۔ ہماری حکومت بچیوں کو تعلیم مہیا کرنے کے لئے تعلیم کو گھروں تک لے کے جارہی ہے۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا پچھلے برس جب کرونا کی وجہ سے تعلیمی عمل متاثر ہونے کا خدشہ ہوا تو 15 ایام کے اندر وزارت تعلیم نے پاکستان ٹیلی وژن کے تعاون سے ٹیلی سکول لانچ کئے جس سے 80 لاکھ بچے روز استفادہ کر رہے ہیں۔ جبکہ جن کی رسائی ٹی وی تک نہیں وہ ریڈیو سکولز سے استفادہ کریں گے۔ وفاقی وزیر تعلیم نے کہا جلد ہی ای تعلیم پورٹل کا افتتاح کرنے جا رہے ہیں جس کے ذریعے ٹیلی سکولز اور ریڈیو سکولز کے پروگرامز ایک کلک سے دیکھے جا سکیں گے۔