راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان اور مصر کے درمیان تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے مابین برادرانہ تعلقات ہیں۔ جمعہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں مصر کے سفیر محمد طارق دروغ نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی، جس کے دوران دفاع اور سکیورٹی کے تمام شعبوں، علاقائی سلامتی اور تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران مصر کے سفیر نے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
آرمی چیف کے ساتھ مصری سفیر کی ملاقات، تمام شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر زور
Nov 21, 2020