مزید48کلینکس سربمہرتعداد3885ہوگئی

کراچی (نیوزرپورٹر) ہیلتھ کیئر کمیشن سندھ کے انسداد اتائیت ڈائریکٹوریٹ کی ٹیموں نے 141 کلینکس کا دورہ  جبکہ اتائیوں کے48 کلینکس کو سیل کردیا جس کے بعد سندھ بھر میں سیل کئے گئے کلینکس کی تعداد 3885 ہوگئی ہے جبکہ 2173کلینکس کو تنبیہ نوٹس بھی جاری کئے چکے ہیں۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 20کلینکس کو انتباہی نوٹس کا اجراء کیاگیا ۔ تفصیلات کے مطابق ہیلتھ کیئر کمیشن سندھ کے انسداد اتائیت ڈائریکٹوریٹ ٹیموں نے سندھ میں 7851 کلینکس کے دورے کئے ہیں۔ انسداد شکایات کو اسپتالوں سے متعلق 152شکایات موصول ہوئیں جس میں سے  111کو حل کیا جاچکا ہے جبکہ 33مختلف مراحل میں ہیں اور آٹھ قانونی طریقے سے حل کی جارہی ہیں۔ ڈائریکٹوریٹ آف لائسنسگ اینڈ ایکریڈیشن نے ایک ہفتہ کے دوران 40مزید اسپتالوں نے رجسٹریشن کیلئے درخواستیں جمع کروائیں اور اب تک 11363درخواستیں ہوچکی ہیں۔ جبکہ 47 مزید صحت کے مراکز کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹس کا اجراء کیا گیا اور  سندھ میں رجسٹرد اسپتالوں کی تعداد 9992ہوچکی ہے۔ دوسری جانب ڈائریکٹوریٹ آف کلینیکل گورننس آف سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے فیڈریشن آف سندھ ہومیوپیتھک ایسوسی ایشن (ایف ایس ایچ اے) کے تعاون سے صحت کی سہولیات میں بہتری کیلئے پہلی مرتبہ ہومیو پیتھک کے حوالے تربیتی نشست کا اہتمام کیا۔ اس تربیتی پروگرام میں 250سے زائد رجسٹرڈ ہومیوپیتھ پریکٹشنرز نے شرکت کی اور یہ پروگرام پاکستان سینٹرل ہومیوپیتھک میڈیکل کالج ناظم آباد میں منعقد ہوا۔ قائم مقام چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایس ایچ سی سی سید باقر رضا رضوی نے کمیشن کی کارکردگی اور کام کرنے کا طریقہ کار سے شرکا کو آگاہی فراہم کی۔ ڈائریکٹر کلینیکل گورننس اینڈ ٹریننگ ڈاکٹر احمد رضا کاظمی نے شرکاء کو ہدایات کی کہ وہ ٹریننگ کے بعد عبوری لائسنس حاصل کریں اور علاج کرتے وقت طبی حدود کا خیال رکھیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر فائزہ اور ڈاکٹر زینب نے سوالات کے جواب دئیے۔ فیشا ممبرز پروفیسر اخلاق، ڈاکٹر طیب، ڈاکٹر ظہیر ، ڈاکٹر اسلم (ممبر آف۔ کونسل آف ہومیوپیتھک), ڈاکٹر بخاری اور ڈاکٹر عمران نے کہا کہ ہومیوپیتھک علاج  و معالجے میں میعار کو یقینی بنائیں۔ اسی طرح ڈائریکٹوریٹ آف کلینیکل گورننس اینڈ ٹریننگ کے تحت حکیموں کیلئے ڈی ایچ اے میں ٹریننگ منعقد ہوئے جس میں طب یونانی کے معیارات کے حوالے سے تربیت دی گئی جس میں ایس ایچ سی سی میں رجسٹرڈ چالیس حکمیوں نے شرکت کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ٹریننگ ڈاکٹر زینب حسن اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر طب مس ریما دلدار نے کمیشن کے طریقہ کار اور مینڈیٹ کے حوالے سے شرکاء کو بریف کیا۔

ای پیپر دی نیشن