اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائی کورٹ نے قتل کیس میں برطانیہ کو مطلوب پاکستانی نژاد برطانوی شہری پیراں دتہ کے حوالگی کے معاملے پر انکوائری مجسٹریٹ کو سماعت جاری رکھنے کی ہدائت کرتے ہوئے حتمی فیصلے سے روک دیا ہے،، جبکہ انکوائری مجسٹریٹ کی حکم نامہ کے خلاف درخواست پر وفاق کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 10 دسمبر تک جواب طلب کر لیا ہے عدالت عالیہ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے پاکستانی نژاد برطانوی شہری پیراں دتہ کی درخواست پر سماعت کی جس میں انکوائری مجسٹریٹ اسلام آباد کے 9نومبر کے حکم نامہ اور اس کے دائرہ اختیار کو چیلنج کیا گیا تھا ۔ پیراں دتہ پر 18نومبر 2005 کو برطانیہ میں لیڈی پولیس کو قتل کرنے کا الزام ہے۔ ملزم پیراں دتہ کی جانب سے وکیل تنویر اقبال نے عدالت کو بتایا کہ اس کیس میں جن ملزمان کو برطانیہ میں سزا ہوئی اس کا ریکارڈ لینے کی درخواست دی تھی جو انکوائری مجسٹریٹ نے مسترد کردی ۔ انکوائری مجسٹریٹ نے سیکشن افسر کو بلا رکھا ہے ،وہ حتمی کارروائی ہے۔ اسی نوعیت کے کیس میں عدالت نے فیصلہ دے رکھا ہے کہ تفتیشی افسر کا پاکستان آکر بیان ریکارڈ کرانا ضروری ہے۔