کراچی (نیوز رپورٹر)مین ریلوے ٹریک پرکراچی سرکلرکے نام سے چلائی جانے والی پہلی ٹرین اندرون ملک سے آنے اورجانے والی مسافرٹرینوں کی روانگی کے باعث پہلے ہی روز 40 منٹ تاخیرکا شکارہوئیں،مفت ٹکٹ کے باوجود مسافر سوار نہیں ہوئے، کراچی سٹی سے چند مسافروں کولیکر لوکل ٹرین پیپری روانہ ہوئی،مسافروں میں پیپری شیلنگ یارڈ میں کام کرنے والے ریلوے ملازمین شامل تھے۔ کراچی سرکلر ریلوے کے تحت لوپ لائن مین ٹریک پر پہلی ٹرین جمعہ کو سٹی اسٹیشن سیصبح 7 بجے پپری کے لیے روانہ ہوئی اور پپری اسٹیشن سے بھی صبح 7 بجے ٹرین سٹی اسٹیشن کے لیے روانہ ہوئی تاہم مین ریلوے ٹریک پراندرون ملک سے آنے اورجانے والی مسافرٹرینوں کی وجہ سے لوکل ٹرین 40 منٹ کی تاخیرسے اپنی اپنی منزل مقصود پرپہنچیں۔دوسری جانب ٹرین میں سفر کرنے والوں سے کرایہ نہ لیے جانے اور مفت ٹکٹ کے باوجود مسافروں کی تعداد نہ ہونے کے برابرتھی ایک ٹرین چند مسافروں کو لیکر کراچی سٹی سے پیپری روانہ ہوئی۔