وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبے بھر میں ہفتہ شان رحمت اللعالمین مذہبی جوش و خروش اور عقیدت و احترام کے جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے -آج اس ہفتے کے چھٹے روز بھی پنجاب کے تمام شہروں میں شمع رسالت کے پروانوں کی گلی گلی،نگر نگر محفلیں منعقد ہوئیں -کئی شہروں میں جیل خانوں میں بھی نعتیہ محفلیں منعقد کی گئیں - جن میں اسیروں نے ہدیہ نعت پیش کیا-مختلف شہروں میں ضلعی انتظامیہ اور عوامی نمائندوں و وزراء کی زیرصدارت تقاریب منعقد ہوئیں -سکولوں کالجوں کی سطح پر تقریری مقابلے اپنے اختتامی مراحل کی طرف گامزن ہیں - صوبے کے اکثر شہروں میں مساجد، درباروں و خانقاہوں پر چراغاں کیا گیا ہے اور عوام پورے جوش و خروش سے اپنے نبی کی ناموس کی حفاظت کا اعادہ کررہے ہیں -
رواں مقدس ہفتے کے چھٹے روز گجرات میں چیمبر آف کامرس میں شان رحمت اللعالمین کانفرنس منعقد ہوئی جس میں ڈی سی گجرات سیف انورجپہ اور صدر چیمبروحیدالدین ٹانڈہ نے خصوصی طور پر شرکت کی-ڈیرہ غازیخان میں اہم سرکاری و نجی عمارتوں پر چراغاں کیا گیا ہے جبکہ کوٹ چھٹہ میں آج سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا- ادھر رحیم یار خان میں آج علماء مشائخ کانفرنس منعقد ہوئی جس میں ضلع بھر کے جید علماء کرام نے شرکت کی اور حاضرین کو حیات طیبہ کے بارے آگاہ کیا- چیمبر آف کامرس رحیم یار خان میں مقابلہ حسن قرات ونعت خوانی منعقد ہوا-میونسپل کارپوریشن ہال میں منعقد ہونے والے نعتیہ مشاعرے اور محفل سماع میں ضلعی افسران و سیاسی عمائدین نے بھرپور شرکت کی-اسی طرح جھنگ میں بھی دارالامان اورصنعت زار میں میلاد کی محفلیں منعقد کی گئیں -راجن پور میں ڈسٹرکٹ پبلک سکول میں تقریری مقابلوں کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی-تقریب کے مہمان خصوصی ڈی سی راجن پور تھے- خانیوال میں عظیم الشان محفل میلاد و سیرت کانفرنس منعقد ہوئی جس سے صوبائی وزیر زراعت حسین جہانیاں گردیزی اور ڈپٹی کمشنر خانیوال نے خطاب کیا-مظفر گڑھ میں آج شان رحمت اللعالمین کے سلسلے میں پریس کلب میں سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا- ادھر وہاڑی میں بلدیہ وہاڑی کے زیراہتمام سیرت کانفرنس منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیر جہانزیب خان کچھی اور ڈی سی سمیت اعلی شخصیات شریک ہوئیں - ساہیوال سینٹرل جیل میں آج پروقار محفل میلاد منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی ڈی سی ساہیوال تھے -محفل میں اسیروں نے بھی نبی پاک کی خدمت میں ہدیہ نعت پیش کیا-چکوال میں آج محکمہ سماجی بہبود کے ادارے صنعت زار میں محفل میلاد منعقد کی گئی جس میں اساتذہ اور طالبات نے آقائے نامدار کے حضور درود و سلام اور گل ہائے عقیدت پیش کئے- سرگودھا میں آج ہفتہ شان رحمت اللعالمین کے سلسلے میں جناح ہال کمپنی باغ میں عظیم الشان سیرت کانفرنس منعقد ہوئی جس میں ڈی پی او ذوالفقار احمدسمیت سرگودھا ڈویژن کے اعلی انتظامی و پولیس افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی- فیصل آباد میں ضلعی محکمہ ٹرانسپورٹ کے زیراہتمام محفل میلاد منعقد ہوئی-سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ضمیر حسین نے محفل میلاد میں خصوصی طور پر شرکت کی-اٹک میں آج گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج میں تقریب تقسیم انعامات بسلسلہ ہفتہ شان رحمت اللعالمین منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز اور چیئرمین پبلک اکاؤنٹ کمیٹی پنجاب سید یاور عباس بخاری نے پوزیشن ہولڈرز میں انعامات تقسیم کئے -بہاولنگر میں آج گورنمنٹ سٹی ہائی سکول میں نعت خوانی، قرات اور سیرت النبی پر تقریری مقابلوں کے سلسلے میں تقسیم انعامات کی تقریب منعقد ہوئی جس سے صوبائی وزیر زکواۃ شوکت علی لالیکا نے خطاب کیا-