لاہور(سپورٹس رپورٹر)تین میچز پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔بنگلادیش نے پاکستان کو جیت کیلئے 109 رنز کا ہدف دیا جو اس نے 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ڈھاکہ کے شیر بنگلہ سٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی مقابلے میں بنگلہ دیش کے کپتان محمود اللہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو زیادہ کارگر ثابت نہ ہوا ۔میزبان ٹیم مقررہ اوورز میں سات وکٹوں پر 108 رنز ہی بناسکی۔اوپنر سیف حسن شاہین کی گیند پر بنا کوئی رن بنائے ایل بی ڈبلیو ہوگئے جس کے بعد ٹیم دبائو کا شکار نظر آئی۔ محمد نعیم دو رنز بناکر محمد وسیم کی گیند پر فخر زمان کو کیچ تھما بیٹھے۔ نجم الحسن شنتو چالیس ‘عفیف حسین بیس ‘کپتان محمود اللہ ریاض بارہ ‘ نور الحسن گیارہ ‘مہدی حسن تین رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ امین السلام آٹھ اور تسکین احمد دو رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔ شاداب خان اور شاہین شاہ آفریدی نے دو دو جبکہ وسیم جونیئر، محمد نواز اور حارث رؤف نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔جواب میں پاکستان ٹیم نے ہدف 18.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ کپتان بابر اعظم صرف ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد فخر زمان اور محمد رضوان نے اچھی پارٹنرشپ قائم کی۔محمد رضوان 39 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ فخر زمان 57 اور حیدر علی 6 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔فخر زمان کو ناقابل شکست نصف سنچری بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دونوں ٹیمیں آخری ٹی ٹونٹی میچ میں کل 22 نومبر کو ڈھاکہ میں کھیلیں گی ‘میچ پاکستان وقت کے مطابق دن ایک بجے ہی شروع ہوگا‘جس کے بعد دو ٹیسٹ میچز کی سیریز ہوگی۔