اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ اے پی پی+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان نے کمرشل شیپنگ کنٹینرز سے بھارت کی مندرہ بندرگاہ پر بھارتی پورٹ حکام کی جانب سے ممکنہ تابکارمواد کی ضبطگی سے متعلق بھارتی میڈیا کی رپورٹس کومستردکرتے ہوئے اسے خلاف حقیقت، بے بنیاد، مضحکہ خیز اور بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستان کوبدنام اوربین الاقوامی برادری کو گمراہ کرنے کی بھونڈی چال بازی کاحصہ قراردیا ہے۔ دفترخارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ پاکستان نے کراچی کی بندرگاہ سے شنگھائی جانے والے کمرشل شیپنگ کنٹینرز سے بھارت کے مندرہ بندرگاہ پر بھارتی پورٹ حکام کی جانب سے ممکنہ تابکارمواد کی ضبطگی بارے بھارتی میڈیا کی رپورٹس کونوٹ کیاہے۔ ترجمان نے بتایا کہ اس حوالہ سے کراچی نیوکلئیرپاورپلانٹ کے حکام نے مطلع کیا ہے کہ یہ چین واپس کئے جانیوالے وہ خالی کنٹینرز تھے جسے پہلے کے ٹو اورکے تھری نیوکلئیرپاورپلانٹس کیلئے ایندھن کی فراہمی کیلئے استعمال میں لایا گیا تھا۔ بھارتی میڈیا کی فیک رپورٹس کسٹم سے متعلق ضابطہ جاتی امورکو آئی اے ای اے کے حفاظتی معیارات کی طرف موڑنے کی بدنیتی پرمبنی کوشش ہے تاکہ جوہری پروگرام سے متعلق پاکستان کوبدنام کیا جاسکے۔ بھارتی میڈیا نے شنگھائی جانے والے جہاز پر کنٹینرز میں تابکاری مواد ہونے کی غلط خبردی۔ کراچی نیوکلیئر پاور پلانٹ کے حکام نے بتایا کہ خالی کنٹینرز چین کو واپس کئے جارہے تھے۔ کنیٹنرز چین سے کراچی تک ایندھن کی نقل و حمل کیلئے استعمال کئے جاتے تھے۔ خالی کنیٹنرز آئی اے ای اے کے حفاظتی انتظامات کے مطابق منتقل کئے گئے۔ کنیٹنرز خالی تھے دستاویزات میں کارگو کو غیرموثر قرار دیا گیا۔