لاہور(کامرس رپورٹر)دبئی ایکسپو 2020میں دی بینک آف پنجاب کے زیر اہتمام پنجاب ہارٹ آف پاکستان انوسٹمنٹ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں پنجاب میں سرمایہ کاری کی سازگار فضا اور مواقع جیسے موضوعات پر مقررین نے اظہار خیال کیا۔وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت نے قونصل جنرل آف پاکستان، یو اے ای، حسن افضل خان، وزیر برائے ہائر ایجوکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی، پنجاب راجہ یاسر ہمایوں سرفراز،کے ہمراہ کانفرنس کا افتتاح کیا۔ کانفرنس میں حکومت پنجاب کے دیگر اعلیٰ عہدے داروں کے علاوہ کئی ممتاز پاکستانی کارپوریٹ لیڈرز اور معروف بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ماہرین بھی شرکت کی۔ محمود گروپ آف انڈسٹریز کے ڈائریکٹر انیس خواجہ نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور پنجاب میں سرمایہ کاری کا منظر نامہ پر روشنی ڈالی ۔ رورل اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی، پنجاب کے سی ای او عمران امین نے پاکستان میں رئیل اسٹیٹ سیکٹر،حکومت پنجاب اور نجی سرمایہ کاروں کے حالیہ اقدامات ،ترقیاتی سرگرمیوں اور ممکنہ سرمایہ کاروں کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی۔ زیان کیپیٹل کے سی ای اوفیصل آفتاب نے بک می ڈاٹ کام کے سی ای او فیضان اسلم اور بیگلری ڈاٹ کام کے سی ای او سلمان ستار کے ساتھ پاکستان میں ٹیکنالوجی اور اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم میں سرمایہ کاری کے ماحول کے بارے میں ایک بہت ہی دلچسپ سیشن منعقد کیا ۔سربراہ آئی بی جی، ابوظہبی اسلامی بینک، یو اے ای کاشف رضا اور اے اے او آئی ایف آئی شریعہ اسٹینڈرڈ کمیٹی کے ممبر مفتی ارشاد احمد اعجاز نے انفراسٹرکچر فنانسنگ میں سکوک اور سنڈیکیشنز کے کردار، اسٹرکچرنگ ایشوز اور چیلنجز، اور جاری کنندگان اور سرمایہ کاروں کی توقعات کے مطابق ہونے پر تبادلہ خیال کیا۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ایم ڈی فرخ ایچ خان نے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں گفتگو کی۔
دبئی ایکسپو میں پنجاب ہارٹ آف پاکستان انوسٹمنٹ کانفرنس کا انعقاد
Nov 21, 2021