سارا بجٹ نوجوانوں کی جدید تعلیم پر خرچ کیا جائے، ڈاکٹر حسن محی الدین

اسلام آباد (خبر نگار)جناح کنونشن سنٹر میں منہاج یوتھ لیگ اور ایجو کاسا کے مشترکہ تعاون سے منعقدہ نیشنل یوتھ ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ حکومت سارا بجٹ نوجوانوں کی جدید تعلیم و تربیت پر خرچ کرے یہی نوجوان اپنی ایجادات کے ذریعے پاکستان کو دنیا کا امیر ترین اور محفوظ ترین ملک بنا دیں گے، ،صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے نیشنل یوتھ ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا جتنا اندرونی بیرونی قرضہ ہے اتنی بھارت سالانہ آئی ٹی ایکسپورٹ کرتا ہے، پاکستان کی سالانہ آئی ٹی ایکسپورٹ 7 سو ملین ڈالر ہیں جبکہ بھارت صرف آئی ٹی کی مد میں سالانہ 133 بلین ڈالر ایکسپورٹ کر رہا ہے، اب تیل کے نکلنے سے نہیں نوجوانوں کو جدید تعلیم دینے سے قومیں خوشحال بنتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نوجوان آبادی پر مشتمل دنیا کا امیر ترین ملک ہے  روایتی تعلیم کی بجائے نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی، سائنس جدید طب کی تعلیم دینا ہوگی اس وقت پاکستان کو سافٹ وئیر انجینئرز اور زرعی سائنسدانوں کی ضرورت ہے۔نیشنل یوتھ ایوارڈ کی تقریب سے منہاج یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد،ہلال احمر کے چیئرمین ابرار الحق،ایجو کاسا کے سی ای او اظہر محمود علوی، منہاج یوتھ لیگ کے صدر مظہرِ محمود علوی، سید امجد علی شاہ،سعید رضا بغدادی نے اظہار خیال کیا۔ نیشنل یوتھ ایوارڈ کی تقریب میں راشد منہاس، اریب خان، ڈاکٹر سنتوش کمار،ایمان جواد، علی احمد اعوان، لانیتا عتیق، ملکہ زاہد، محمد جہانگیر، محمد نقیب اعظم، محمد قاسم، محمد سعد، نجیب اللہ، نیلوفر شوکت، ندا خان، رافعہ بی بی، رفعت حنیف، صدف خورشید، حافظ محمد حفیظ،عبیداللہ، سید واجد علی نقوی کو ایوارڈز دئیے گئے۔

ای پیپر دی نیشن